:انڈین پریمیئر لیگ 2021 کیلئے چنئی میں نیلامی ہورہی ہے ۔ اس نیلامی میں آئی پی ایل گورننگ کونسل نے کھلاڑیوں کی تعداد میں کمی کی ہے ، جس کے اب 192 کھلاڑی نیلامی میں شامل ہیں ۔ آٹھ فرنچائزی 61 جگہوں کو بھرنے کیلئے نیلامی میں شرکت کررہے ہیں ۔ نیلامی کی فہرست میں 164 ہندوستانی اور 125 غیر ملکی اور ایسوسی ایٹ ممالک کے تین کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے ۔
نیلامی کے دوران کرس مورس کو لے کر فرنچائزیوں کے درمیان کافی جنگ دیکھنے کو ملی اور آخر میں راجستھان نے مورس کو 16 کروڑ 25 لاکھ روپے میں خریدا ۔ مورس کا بیس پرائس 75 لاکھ روپے تھا ۔ اسی کے ساتھ مورس آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کھلاڑی کرس مورس ٹی 20 کے بہترین آل راؤنڈر ہیں ۔ یو اے ای میں آر سی بی کی طرف سے کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنا کافی گہرا اثر چھوڑا تھا ۔ مورس کا اسٹرائیک ریٹ ٹی 20 میں 151.02 ہے ۔ وہ 218 میچوں میں 17 کی اوسط سے 7.75 کی اکنامی سے 270 وکٹ لے چکے ہیں ۔
کرس مورس اس طرح آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ اس سے پہلے یوراج سنگھ 16 کروڑ ، پیٹ کمنس ساڑھے پندرہ کروڑ اور بین اسٹوکس ساڑھے چودہ کروڑ فروخت ہوئے تھے ۔ جبکہ رواں نیلامی کے دوران ہی گلین میکسویل کو آر سی بی نے 14 کروڑ 25 لاکھ روپے میں خریدا ہے ۔علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے تین کروڑ بیس لاکھ روپے میں خرید لیا ہے جبکہ معین علی کو چنئی سپرکنگس نے سات کروڑ روپے میں خریدا ہے ۔