آئی پی ایل میچ نمبر 30: دہلی نے پھر لہرایا فتح کا پرچم، راجستھان کی 13 رن سے شکست

راجستھان رائلز کی قسمت آج ایک بار پھر خراب رہی جب بہترین شروعات ملنے کے باوجود دہلی کیپٹلز کے ذریعہ جیت کے لیے دیے گئے162 رنوں کا ہدف حاصل نہیں کر سکی۔ بین اسٹوکس اور جوس بٹلر نے 3 اوور میں 37 رنوں کی تیز شروعات دی تھی اور درمیان میں سنجو سیمسن اور اتھپّا نے بھی تیزی سے رن بٹورے، لیکن بقیہ کسی بھی بلے باز نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔ آخر کے 2 اوور میں جیت کے لیے راجستھان کو 25 رن چاہیے تھے اور 4 وکٹ ہاتھ میں تھے۔ لیکن محض 12 رن ہی بن سکے اور 2 مزید وکٹ بھی گر گئے۔ اسمتھ کی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 148 رن بنا سکی اور 13 رنوں سے شکست ہاتھ لگی۔

دہلی کیپٹلز کے کپتان شریئس ایر نے آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کی شروعات بہت خراب رہی کیونکہ پہلی ہی گیند پر جوفرا آرچر نے پرتھوی شاء کو بولڈ کر دیا۔ پھر اجنکیا رہانے بھی محض 2 رن بنا کر آرچر کے ہی شکار ہو گئے۔ دہلی 2.3 اوور میں 10 رن پر ہی اپنے دو اہم وکٹ گنوا چکی تھی۔ لیکن اس کے بعد سلامی بلے باز شکھر دھون اور کپتان شریئس ایر نے نہ صرف میدان میں جم کر کھیلا، بلکہ خراب گیندوں پر باؤنڈری بھی لگائی۔ خصوصی طور پر شکھر دھون نے تیز اننگ کھیلی اور 2 چھکوں و 6 چوکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 57 رن پر شریئس گوپال کو وکٹ دے بیٹھے۔ دونوں کے درمیان 85 رنوں کی شراکت داری ہوئی.