ناندیڑ میں سیلابی صورت حال سے دوچار علاقوں کا جینت پاٹل نے معائنہ کیا

ناندیڑ میں سیلابی صورت حال سے دوچار علاقوں کا جینت پاٹل نے معائنہ کیا

ممبئی: قدرت نے مہاراشٹر کے لوگوں کے لیے بڑے مسائل پیدا کیے ہیں، لیکن ان مسائل میں راحت پہنچانے کے لیے حکومت ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہے، اس لیے جلدازجلد حکومت قائم کرتے ہوئے لوگوں کی مدد کی جائے۔ یہ مطالبہ آج یہاں این سی پی کے ریاستی صدر اور آبی وسائل کے سابق وزیر جینت پاٹل نے کیا ہے۔وہ ناندیڑ ضلع میں سیلابی صورت حال سے دوچار دیہاتوں اور زراعت کا معائنہ کرنے کے لیے دورے پر ہیں۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر میں فی الوقت سیلابی صورت حال ہے اور بسمت علاقے میں بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی کا پانی سطح سے بلند ہوکر گاؤں میں گھس گیا ہے۔ جینت پاٹل نے ناندیڑضلع کا دورہ کرتے ہوئے نلا، آلے گاؤں وایکدرا گاؤں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر جینت پاٹل نے کہا کہ ضلع کے بیشتر گاؤں سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں اور گنے و سویا بین کی فصلیں برباد ہو گئی ہیں، جس سے کسانوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔اس لیے انتظامیہ اس پر فوری توجہ دیتے ہوئے کسانوں کو راحت پہنچائے نیز جن گاؤں میں پانی گھس گیا ہے وہاں کے لوگوں کو کھانا، پینے کا پانی اور دیگر ضروریات فراہم کی جائیں۔جینت پاٹل نے کہا کہ ریاست کی عوام سیلابی صورت حال کا سامنا کررہی ہے اور وزیراعلیٰ ونائب وزیراعلیٰ کی حلف برداری کوپندرہ دن گزرچکے ہیں جبکہ گواہاٹی میں گزارے ہوئے پندہ دن بھی جوڑ لیں تو ایک ماہ ہوچکا ہے لیکن ابھی تک حکومت وجود میں نہیں آسکی ہے۔ کس کو کتنی وزارت دی جائے اور کس کو کتنے محکمے دیئے جائیں اس پر ہی یہ الجھے ہوئے ہیں۔ انہیں کم ازکم ریاست کے عوام کی پریشانیوں پر توجہ دینی چاہئے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading