جلگاؤں: اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انصرام اقرا شاہین اردو ہائی اسکول، مہرون، جلگاؤں میں اسکولی سطح پر خوشخطی، مضمون نویسی اور ڈرائنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکول ہذا کی جماعت ششم تا دہم کے 218 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اسی سلسلے میں یوم اساتذہ کے موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب منعقد کی گئی جس میں مذکورہ بالا مقابلوں میں اول مقام حاصل کرنے والے 11 طلبہ کو اسکول بیگ، دوم مقام حاصل کرنے والے 11 طلبہ کو فائل فولڈر اور سوم مقام حاصل کرنے والے 11 طلبہ کو کمپاس باکس اور پین کے سیٹ کے ساتھ ایک ٹرافی، میڈل اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ 2 طلبہ کو اعزازی انعام بیڈمنٹن سے نوازا گیا۔ انعامات حاصل کرنے والے 35 خوش نصیب طلباء و طالبات کے علاوہ ہر شریک مقابلہ کو ایک سرٹیفکیٹ اور میڈل سے نوازا گیا۔اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس شیخ گلاب اسحٰق نے مقابلہ کے آرگنائزر ارتکاز سید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ایک خوبصورت فائل فولڈر پیش کیا۔ پروگرام میں موجود مہمان خصوصی اور اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر و حاجی غلام نبی آئی ٹی آئی کالج، جلگاؤں کے چیئر من عبدالمجید زکریا نے تمام انعام یافتگان کو انعامات تقسیم کیے۔ مہمانِ خصوصی نیز صدر مدرس و جملہ اسٹاف نے شرکائے مقابلہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس تقسیم انعامات کی تقریب میں شیخ افتخار غلام رسول نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔