Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج ضرور کرالیں حق رائے دہی جمہوریت کی بقا وتحفظ کا سرچشمہ ہے:عبید الرحمن الحسینی

آنند نگر مہراج گنج: ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج وتصحیح کا کام جاری ہے ، آج اتوار کا دن ہے اس موقع پر سبھی پولنگ بوتھوں پر بی ایل او موجود رہیں گے جن لوگوں نے اب تک اپنے ناموں کا اندراج نہیں کرایا ہے یا غلط اندراج کو درست نہیں کرایا ہے وہ بوتھوں پر جاکر فارم بھرکر اندراج یا تصحیح کا کام ضرور کرالیں۔ اور جو لوگ دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں ان کے نام کٹوادیں اور کوشش کریں کہ 18برس کے ہونے والے لڑکے ولڑکیوں میں کوئی بھی چھوٹنے نہ پائے ۔ حق رائے دہی جمہوریت کی بقا وتحفظ کا سرچشمہ ہے اس کی اہمیت وافادیت اور اس کے دور رس نتائج کو سمجھیں ۔ان خیالات کا اظہار حافظ شجاعت فیض عام چیریٹیبل ٹرسٹ کے جنرل سپروائزرحافظ عبید الرحمن الحسینی نے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ دینا ہمارا جمہوری حق ہے اور جمہوریت کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اس جمہوری ملک میں ہمیں ووٹ دینے کا حق حاصل ہے ، مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ ووٹر لسٹ میں ہمارا نام موجود ہو۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرائیں ۔ جس کے لئے رہائش اور شناختی ثبوت کے ساتھ الیکشن کمیشن کا وضع کردہ فارم بھرنا ہوتا ہے ، جس کے بعد ووٹر لسٹ میں نام شامل ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کی یہ مہم وقتاً فوقتاً ایک مخصوص مدت کے لئے شروع کی جاتی ہے ۔
اس بار یہ مہم 22 نومبر سے 13 دسمبر تک جاری رہےگا۔ ان ایام کے دوران ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج اور تصحیح کا کام کیا جارہا ہے۔ جن حضرات کا ووٹنگ لسٹ میں نام نہیں ہے، غلط درج ہوگیا ہے، شناختی کارڈ نہیں ہے، کھو گیا ہے یا خراب ہوگیا ہے۔ یا جن کی عمر 18؍سال مکمل ہوگئی ، ایسے تمام حضرات ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج یا تصحیح کراسکتے ہیں نیز شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔آج مورخہ22 نومبر بروزاتوار ہے اس موقع پر سبھی ووٹنگ بوتھوں پر حکومت کی طرف سے بی ایل او موجود رہیں گے ۔ جو حضرات ابھی تک اپنے ناموں کا اندراج یا تصحیح کا کام نہیں کراسکے ہیں وہ ضرور اس کام کو انجام دے لیں۔حکومت کی مقرر کردہ تاریخ ختم ہو جانے کے بعدیہ کام انتہائی مشکل سے ہوتا ہے۔ حافظ عبید الرحمن الحسینی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت رہتے ہوئے بیدارہوجائیں ۔ سارے ضروری کام چھوڑ کر اندراج کا کام ضرور کروائیں چاہے اس کے لئے ایک،دو دن کے لئے دکان بند کرنی پڑے یا چھٹی لینی پڑے۔