• 425
    Shares

کارپوریشن کا سالانہ بجٹ اب 700کروڑ روپئے ہوگا: نواب ملک

ممبئی:حال ہی میں منعقد ہونے والے اسمبلی کے مانسون اجلاس میں مولاناآزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے فنڈمیں اضافی75کروڑ روپئے منظور کیا گیا ہے۔ اس اضافی رقم کا بیشتر حصہ اقلیتی طبقے کے طلباء کے تعلیمی اور اقلیتی طبقے کی خواتین کی اکثریت والے بچت گٹوں کے قرض کے لئے دیا جائے گا۔ یہ اطلاع آج یہاں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کارپوریشن کو 700کروڑ روپئے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کارپوریشن کے قیام کے بعد اس کا فنڈ 500کروڑروپئے تک محدود تھا، جس میں سے 482کروڑ روپئے کارپوریشن کو دستیاب ہوچکا ہے۔ اس سال کے بجٹ میں اس میں مزید25کروڑ روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔وزیرمالیات اجیت پوار نے اسمبلی میں 2021-22کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کارپوریشن کے بجٹ میں 200کروڑ روپئے کے اضافے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے مطابق کارپوریشن کا بجٹ اب 700کروڑ روپئے کا ہوگیا ہے۔ حال ہی میں ہونے والے اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران کارپوریشن کے بجٹ میں 75کروڑ روپئے کا اضافی بجٹ ایوان میں منظور کیا گیا تھا۔

نواب ملک نے بتایا کہ اضافی بجٹ کا بیشتر حصہ اقلیتی طبقات کے طلبہ کو ٹیکنیکل، پروفیشنل نیز اعلیٰ تعلیم کے لئے قرض کے طور پر دیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والے فنڈ کی رقم سے مولانا آزاد تعلیمی قرض اسکیم کے تحت میڈیکل تعلیم کے لئے 2.5لاکھ روپئے قرض دیا جاتا ہے،جبکہ قومی اقلیتی ترقیاتی ومالیاتی کارپوریشن کی جانب سے قرض کے طور پر حاصل ہونے والی رقم سے چلائے جانے والے ڈاکٹر اے پی جی عبدالکلام تعلیمی قرض اسکیم کے تحت ۵ لاکھ روپئے قرض فراہم کیا جاتا ہے۔کارپوریشن کی کوشش ہے کہ میڈیکل کی تعلیم کے لئے 10/لاکھ رووپئے تک قرض فراہم کیا جائے۔ ریاستی حکومت کے مولانا آزاد تعلیمی قرض اسکیم کے لئے طلباء کی خاندانی آمدنی کی حدمیں 8لاکھ روپئے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ ضرورت مند طلباء کو چاہئے کہ وہ کارپوریشن کے تعلیمی قرض کی اسکیم سے فائد ہ حاصل کریں۔

ریاست میں اقلیتی طبقے کی خواتین کی اکثریت والے بچت گروپوں کوکاروبار کے لئے 2لاکھ روپئے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس کے لئے 15/کروڑ روپئے مختص کیا گیا ہے۔ اس اسکیم میں متعلقہ بچت گروپوں کے تعاون اور ان کی جانب سے مطالبے کی صورت میں مزید فنڈ فراہم کرنے پر حکومت غور کررہی ہے۔مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی اسکیموں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے کارپوریشن کے ضلعی دفاتر نیز اولڈکسٹم ہاؤس، فورٹ، ممبئی میں واقع صدر دفتر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کارپوریشن کی ویب سائیٹ https://www.mamfdc.maharashtra.gov.in پربھی معلومات دستیاب ہے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔