اگست سے شروع ہونے والی ’جن سمّان یاترا‘ میں اجیت پوار 24 دنوں میں 39 اسمبلی حلقوں میں عوام سے رابطہ کریں گے: سنیل تٹکرے

اس یاترا میں سماج کے مختلف طبقات کی توقعات اور احساسات کو جاننے کی کوشش کی جائے گی

ممبئی: این سی پی کی ’جن سمّان یاترا‘ ناسک کے ڈنڈوری سے 8 اگست سے شروع ہوگی اور یاترا کا پہلا مرحلہ 31 اگست کو شمالی مہاراشٹر، مغربی مہاراشٹر، ممبئی اور ودربھ میں ختم ہوگا۔ یہ اطلاع این سی پی کے ریاستی صدر اور ایم پی سنیل تٹکرے نے دی ہے۔ وہ یہاں پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نےکہا کہ جمہوریت میں ہمارے پختہ یقین کی وجہ سے ہم نے اسے ’جن سمّان یاترا‘ کا نام دیا ہے اور وزیر خزانہ کے طور پر اجیت پوار کی طرف سے دی گئی اسکیموں کو عوام تک پہنچانا بھی ایک طرح سے عوام کا احترام ہی ہے۔ سنیل تٹکرے نے کہا کہ اجیت پوار کے 35 سالہ سیاسی سفر کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ اجیت پوار کی قیادت میں شروع ہونے والی یہ ’جن سمّان یاترا‘ مہاراشٹر کے کونے کونے میں جائے گی۔ اس یاترا کے ذریعے اجیت پوار سماج کے تمام طبقات سے براہ راست رابطہ کریں گے اور ان کی توقعات اور احساسات جاننے کی کوشش کریں گے۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ اس یاترا کے ذریعے ہر اسمبلی حلقہ میں دو میٹنگیں یا پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اجیت پوار خواتین، نوجوانوں، کسانوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات سے بات چیت کریں گے۔ اس مکالمے کے ذریعے ان کے جذبات کو سمجھنے اور سرکاری اسکیموں کو زیادہ موثر انداز میں پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ سنیل تٹکرے نے کہا کہ پارٹی اس ’جن سمّان یاترا‘میں پوری طاقت کے ساتھ شرکت کرے گی۔

ریاستی صدر نے اطلاع دی کہ مغربی مہاراشٹر کا سفر 15 اگست سے شروع ہوگا اور 22 اگست تک ممبئی پہنچے گی۔ اس کے بعد 26 اگست کو ودربھ سے یاترا شروع ہوگی۔ یاترا کے پہلے پانچ دن ڈنڈوری، دیولالی، نپھاڈ، ییولا، سنّر، اہلیہ نگر کے کوپرگاؤں، چاندوڑ، کلون، دھولیہ شہر، املنیر، مالیگاؤں (وسط) اسمبلی حلقوں میں ہوں گے۔ کارکنوں کا احترام اور لوگوں سے رابطہ اس سفر کا اہم حصہ ہوگا۔ یاترا کے دوران مہایوتی کی حلیف پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ ہر شام بات چیت کی جائے گی تاکہ مہایوتی میں ہم آہنگی کا ماحول برقرار رہے۔

این سی پی کے ریاستی صدر کی اطلاع کے مطابق یہ ’جن سمّان یاترا‘ پہلے پانچ دنوں کے بعد پونے ضلع کے وڈگاوں شیری، ہڈپسر، ماول، پمپری، کھیڈ آلندی، شرور، دونڈ، انداپور اسمبلی حلقوں میں رہے گی۔ اس کے بعد ممبئی کے باندرہ ایسٹ، کرلا، مانخورد- شیواجی نگر، انوشکتی نگر میں رہےگی۔ ممبئی کے مضافات، تھانے ضلع میں ایرولی، ممبرا-کلوا، بھیونڈی ایسٹ، شاہپور اسمبلی حلقوں میں یاتراجائے گی اور پھر ناگپور ویسٹ، کاٹول، ساونیر، رام ٹیک، بھنڈارا، تومسر، گوندیا، ارجونی مورگاؤں، برمہاپوری، گڑھ چرولی، اہیری اسمبلی میں جائے گی۔

اس پریس کانفرنس میں این سی پی کے قومی نائب صدر اور ایم پی پرفل پٹیل، سینئر لیڈر اور فوڈ اینڈ سول سپلائیز کے وزیر چھگن بھجبل، این سی پی کے قومی چیف ترجمان اور وزیر زراعت دھننجے منڈے، کو آپریٹیو کے وزیر دلیپ ولسے پاٹل، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے وزیر دھرم راؤ بابا آترم، وزیر کھیل سنجے بنسوڑے، خواتین اور بچوں کی ترقی کے وزیر ادیتی تٹکرے، خواتین شعبے کی ریاستی صدر روپالی چاکنکر، ممبئی کے صدر سمیر بھجبل، ایم ایل اے شیواجی راؤ گرجے، ایم ایل اے راجیش وٹیکر، او بی سی سیل کے ریاستی صدر کلیان اکھاڑے، سوشل سیل کے ریاستی صدر سنیل ماگرے، یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان اور اسٹوڈنٹس ونگ کے صدر پرشانت کدم اور دیگر موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading