شرد پوار کا قومی صدر کے عہدے سے استعفیٰ واپس لینے کا اعلان
جیسے ہی شردپوار نے استعفے کی واپسی کا اعلان کیا کارکنان ڈھول تاشے بجاکر خوشی منانے لگے
ممبئی: تین دن قبل این سی پی کے قومی صدر کے عہدے سے دیا گیا اپنا استعفیٰ شردپوار نے آج واپس لے لیا۔ انہو ں نے پریس کانفرنس میں اپنے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں کارکنان کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے اپنا استعفیٰ واپس لیتے ہوئے ایک بار پھر سے صدر کے عہدے کی ذمہ داری قبول کرتا ہو۔
ممبئی کے یشونت راؤ چوہان پرتشٹھان میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس اعلان کے بعد این سی پی کے کارکنوں نے ڈھول تاشے بجاکر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شردپوار نے کہا کہ 2 مئی 2023 کو اپنی سوانح عمری کے اجراء کی تقریب میں میں نے این سی پی کے صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ عوامی زندگی میں 63 سال کی طویل خدمات کے بعد میں اس ذمہ داری سے سبکدوش ہونا چاہتا تھا۔ لیکن میں نے جو فیصلہ لیا اس نے عوام کے ذہنوں میں شدید ہیجان پیداکردیا۔ این سی پی کے متعدد کارکنوں، عہدیداروں اور میرے ساتھیوں میں بے چینی پیدا ہوگئی۔ میرے خیر خواہ، مجھ سے محبت اور مجھ پر یقین رکھنے والے کارکنان، بے شمار مداحوں نے متحد ہو کر مجھ سے یکجہتی کی اپیل کی، کچھ نے ذاتی طور پر ملاقات کر کے مجھ سے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی۔ ملک بھرسے اور خاص طور پر مہاراشٹر کے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھیوں اور کارکنوں نے مجھ سے دوبارہ صدر کی ذمہ داری سنبھالنے کی پرزور درخواست کی۔
شردپوار نے کہا کہ میری جانب سے آپ سب کے جذبات کی بے قدری نہیں ہوسکتی، آپ لوگوں نے مجھ پرجس محبت اور اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے اس سے میں مغلوب ہوں۔ مجھے میرا فیصلہ واپس لینے کے لیے آب سب نے جو اپیلیں ودرخواستیں کیں تھیں اس پر غور کرتے ہوئے نیز پارٹی کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے صدارت پر برقرار رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے میں این سی پی کے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے کو واپس لیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں میں دوبارہ پارٹی کی صدارت کا عہدہ قبول کررہاہوں، لیکن میری واضح رائے ہے کہ پارٹی میں کسی بھی عہدے یا ذمہ داری پر فائز ہونے کے لیے جانشین کی ضرورت ہوتی ہے۔میں پارٹی میں تنظیمی تبدیلیاں کرنے، نئی ذمہ داریاں سونپنے، نئی قیادت بنانے پر توجہ دوں گا۔ اب میں پارٹی کی ترقی نیز پارٹی کے نظریات کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے میزد تندہی سے کام کرونگا۔آپ سب کا مسلسل تعاون اور حمایت ہی میرا اصل محرک ہے، میری زندگی میں کامیابی، ناکامی اور تمام طرح کے چیلنجس سے مقابلہ کرتے وقت آپ سب میرے ساتھ رہے، اس کے لیے میں آپ سب کا مقروض ہوں۔
اس پریس کانفرنس میں سینئر لیڈر ایم پی پرفل پٹیل، ریاستی صدر جینت پاٹل، سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ، ڈپٹی اسپیکر نرہاری زیرول، کیرال کے ایم ایل اے کے تھامس، پارٹی کے خزانچی ہیمنت ٹکلے اور دیگر ایم ایل ایز، ترجمان اور پارٹی کے عہدیدار موجود تھے۔