ریاست میں نومبر مہینے میں 26 ہزار93 بے روزگاروں کو روزگارفراہم کیا گیا: نواب ملک

ممبئی:کوروناکی وجہ سے ملک وریاست میں بے روزگاری کی سنگین صورت حال کے باوجود ریاستی حکومت کے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے بیروگاروں کو روزگارفراہم کرنے کے اپنے مختلف پروگرامس کے ذریعے نومبر2021میں 26؍ہزار93بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں محکمہ کے وزیر جناب نواب ملک نے دی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ریاست میں ملازمت کے خواہشمندوں کو مختلف سرگرمیوں جیسے مہاسویم ویب پورٹل، آن لائن روزگار میلہ وغیرہ اور مختلف کمپنیوں، کارپوریٹ تنظیموں، صنعتوں کے ذریعے روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔اس طرح کے مختلف اقدامات کے ذریعے سال 2020 میں ریاست میں 1؍ لاکھ 99 ہزار 486 امیدواروں کو روزگار فراہم کیا گیا، جبکہ رواں سال جنوری سے نومبر کے اخیرتک 1؍لاکھ37ہزار974 روزگار کے متلاشیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

نواب ملک نے بتایاکہ روزگار کے متلاشیوں اور روزگارفراہم کرنے والے اداروں وکمپنیوں کے درمیان براہ راست رابطہ کے لئے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے https://rojgar.mahaswayam.gov.in نامی ویب پورٹل شروع کیا ہے۔ روزگار کے خواہشمند امیدوار اس ویب پورٹل پر اپنی تعلیمی قابلیت، مہارت اور تجربہ وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات کا اندراج کرتے ہیں، اسی کے ساتھ کمپنیاں، کاروباری افراد، کارپوریٹس ادارے جو قابل امیدواروں کی متلاشی ہوتی ہیں وہ بھی اس ویب پورٹل پر رجسٹر ہو کر اپنے مطلوبہ امیدوار تلاش کر سکتے ہیں۔ ملازمت کے متلاشیوں کو اس ویب پورٹل پر اندراج کرانا ضروری ہے۔اس کے علاوہ محکمہ کی جانب سے اضلاع کی سطح پر وقتا فوقتاآن لائن روزگار میلوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

نواب ملک کے مطابق محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے مہاسویم ویب پورٹل پر اب تک 92ہزار350 سرکاری اور نجی کاروباری اداروء وافراد نے اندراج کیا ہے۔ ان میں سے بہت سے کاروباری افراد اپنی ضروریات کے مطابق اپنے یہاں خالی اسامیوں کو مہاسویم ویب پورٹل اور اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کی آن لائن میلوں کے ذریعے پرکرتے ہیں۔جس سے ملازمت کے متلاشیوں کومحکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعے ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔

محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے مطابق نومبر2021 میں 46 ہزار283 روزگار کے خواہشمند امیدواروں نے محکمہ کے پاس رجسٹرڈ یا دوبارہ رجسٹرڈ کیا ہے۔ ان میں ممبئی ڈیویژن سے 12؍ہزار577،ناسک ڈیویژن سے 5 ہزار3،پونے ڈیویژن سے 18؍ہزار97، اورنگ آبادڈویژن سے5 ہزار8112، امراؤتی ڈویژن سے1؍ ہزار686 جبکہ ناگپور ڈویژن سے3 ہزار109 ؍افراد رجسٹرڈ ہوئے۔اس کے علاوہ ماہ نومبر میں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے مختلف پروگرام کے ذریعے26؍ہزار 93؍امیدواروں کوملازمت ملی ہیں۔ ان میں سے ممبئی ڈویژن کے9؍ہزار18، ناسک ڈویژن کے2ہزار89، پونے ڈویژن کے12ہزار592، اورنگ آباد ڈویژن کے1ہزار770، امراؤتی ڈویژن کے226 ؍اور ناگپور ڈویژن کے398 ؍ لوگ روزگار سے لگے ہیں۔