مرحوم نائب وزیر اعلیٰ کو منترالیہ میں خراجِ عقیدت، فرض شناس اور منظم قیادت سے محرومی کا احساس
ممبئی: ریاست کے مرحوم نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال پر وزارت کے افسران اور ملازمین کی جانب سے منترالیہ کے تری مورتی احاطے میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جہاں رنج و غم سے بوجھل فضا میں انہیں پُراثر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر افسران اور ملازمین نے مرحوم لیڈر کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی اور ان کی تصویر پر پھول نچھاور کیے۔
تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری وکاس کھارگے نے کہا کہ اجیت پوار نے اپنے سرکاری کیریئر کے دوران ہمیشہ ایمانداری، وفاداری اور ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیے۔ ان کے انتقال سے ریاستی انتظامیہ ایک ایسی قیادت سے محروم ہوگئی ہے جو فرض شناس، منظم اور وقت کی پابند تھی۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کی انتظامی گرفت، فیصلوں میں سنجیدگی اور کام کے تئیں لگن افسر شاہی کے لیے ہمیشہ ایک مثال رہی۔
اس موقع پر منترالیہ کے کئی سینئر انتظامی افسران اور بڑی تعداد میں ملازمین موجود تھے، جنہوں نے مرحوم نائب وزیر اعلیٰ کی تصویر پر گل پوشی کر کے انہیں عقیدت پیش کی۔ اجلاس کے دوران مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا اور اس بات کی دعا کی گئی کہ انہیں اس ناقابلِ تلافی صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔
تعزیتی اجلاس میں شریک افسران اور ملازمین نے کہا کہ اجیت پوار کی یادیں، ان کا نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور عوامی خدمت کا جذبہ طویل عرصے تک ریاستی انتظامیہ اور سرکاری عملے کے لیے مشعلِ راہ بنا رہے گا۔