سپریم کورٹ کا رویہ ثبوت ہے کہ سی بی آئی وای ڈی کا استعمال سیاسی عصبیت کے تحت ہورہا ہے: نواب ملک

ممبئی: سپریم کورٹ نے سی بی آئی وای ڈی کی کارروائیوں سے متعلق شکوک کا اظہار کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاسی لوگوں کے خلاف عصبیت کے تحت ان کا استعمال ہورہا ہے۔ یہ باتیں آج یہاں این سی پی کے قومی صدرواقلیتی امور کے وزیرنواب ملک نے کہی ہیں۔

نواب ملک نے کہا کہ ملک میں ای ڈی وسی بی آئی کی جس طرح کی تفتیش جاری ہے اس پر سپریم کورٹ شبہ ظاہر کیا ہے۔عدالت نے ان ایجنسیوں سے اس بابت حلف نامہ داخل کرنے کے لیے کہا تھاکہ ان کے پاس سیاسی ودیگر لوگوں کے خلاف کتنے مقدمات زیرالتواء ہیں، مگر ان ایجنسیوں نے محض فہرستیں ہی پیش کرکے خاموشی اختیار کرلیں۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ای ڈی وسی بی آئی کی کارروائیاں مشکوک ہیں۔ نواب ملک نے کہا کہ ایکناتھ کھڑسے کی املاک ضبط کرلی گئی جبکہ کچھ لوگوں کو مسلسل طلب کرکے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ یہ تمام کارروائیاں سیاسی انتقام کے تحت کی جارہی ہیں جو نہ صرف آئین کے خلاف ہے بلکہ جمہوریت کے بھی منافی ہے۔

نواب ملک نے کہا کہ ایک جانب سی بی آئی وای ڈی سیاسی انتقامی کاروائی کررہی ہے تو دوسری جانب ملک میں بی جے پی ہی وہ واحد پارٹی ہے جس کے پاس ایسے لیڈر سب سے زیادہ ہیں جن کے اوپر مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی حلف ناموں سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سب سے مقدمات والے لیڈربی جے پی کے پاس ہیں جبکہ بی جے پی مرکزی ایجنسیوں کے استعمال سے یہ دیگر پارٹیوں کے لیڈران کو خاطی ثابت کرنے کی کوشش کرتی ہے۔انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ریاستی حکومت غنڈوں وپولیس کے بل بوتے پر چل رہی ہے، کہا کہ مودی وامیت شاہ جس طریقے سے گجرات میں حکومت چلارہے تھے، پاٹل سمجھتے ہیں کہ تمام ریاستی حکومتیں اسی طرح سے چلتی ہیں۔ گجرات حکومت میں پرشوتم سولنکی نام کا داؤد کا آدمی تھا جسے وزیربنایا گیا تھا۔ جن پر ٹاڈا لگایا گیا تھا مودی جی انہیں اپنا وزیربنارہے تھے اور آج بھی مودی کی کابینہ میں ایسے لوگ موجود ہیں۔نواب ملک نے چندرکانت پاٹل کو اس بات کی بھی یاددہانی کرائی کہ بی جے پی کے زیراقتدار والی ریاستوں میں جن پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں ان میں بی جے پی کے وزراء کی تعداد زیادہ ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading