NCP Urdu News 27 Nov 21

مخالفین کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم یہ کرتے رہیں گے: نواب ملک

ممبئی: سوشل میڈیاپرعوام کے سامنے مخالفین کی اصلیت بے نقاب ہورہی ہے جس کی وجہ سے وہ بری طرح خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ان کے خلاف قانونی کارروائی تو کی ہی جائے گی لیکن عوام کے سامنے ان کی اصلیت کو بے نقاب کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم یہ کرتے رہیں گے۔ یہ واضح اشارہ آج یہاں این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیرنواب ملک نے دیا ہے۔

میڈیا کے نمائندں کے ذریعے پوچھے گئے اس سوال کے جواب میں کہ جب وزیر داخلہ آپ کا ہے تو آپ سوشل میڈیا پر ان کی جعلسازیوں کو کیوں بے نقاب کررہے ہیں؟ نواب ملک نے کہا کہ سوشل میڈیا کا استعمال مودی صاحب نے ہی ہمیں سکھایا ہے۔ ہم ان کے شاگرد ہیں ارو ان سے ہی سیکھا ہے کہ سوشل میڈیا کے ٹوویٹر، فیس بک وغیرہ کا استعمال کس طرح کیا جائے۔

پوارصاحب کی تصویر مارپ کرنے والی بی جے پی کی جعلسازی بے نقاب کی: نواب ملک

نواب ملک نے کہا کہ چین کے مسئلے پر ایک اہم میٹنگ میں شرکت کی غرض سے شردپوار صاحب اور پرفل پٹیل جب دہلی گئے تھے تو پواراصاحب کی ایک تصویر مارپ کرکے بی جے پی آئی ٹی سیل نے سوشل میڈیا پر وائرل کرتے ہوئے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن ہم نے اس جعلسازی کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر نارائن رانے نے جمعہ کو ایک پیشین گوئی کی کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت مارچ تک آجائے گی۔ اس کے فوراً بعد بی جے پی آئی ٹی سیل نے پوار صاحب کی ایک فوٹو مارپ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیااور لوگوں میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی۔لیکن اس کے فوراً ہم نے پوار صاحب کی اصل تصویر عوام کے سامنے پیش کردیا اوربی جے پی کی جعلسازی کو بے نقاب کردیا۔ نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس حکومت گرنے کی پیشین گوئیاں کر رہے تھے لیکن ان کی پیشین گوئیاں سچ نہیں ہوئیں۔اس کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل نے پیشین گوئیاں شروع کیں لیکن وہ بھی ان کی خواب کی بڑبڑاہٹ ثابت ہوئیں۔اب اس کے بعد نرائن رانے ان کی مدد کے لئے دوڑ پڑے ہیں لیکن ان کی یہ پیشین گوئی بھی رائیگاں جائیگی کیونکہ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت نہ صرف پانچ سال بلکہ اس کے بعد 25سالوں تک قائم رہے گی۔ اس سے بڑھ کر یہ کہ ریاست کی عوام کا اعتماد مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے تئیں ہے اور حکومت یہ اعتماد کبھی متزلزل نہیں ہونے دے گی۔ سچائی یہ ہے کہ الیکشن سے قبل جو ممبرانِ اسمبلی این سی پی چھوڑ کر بی جے پی میں گئے تھے، انہیں مطمئن کرنے کے لئے اس طرح کی پھلجھڑیاں چھوڑی جارہی ہیں لیکن ریاست کی عوام اس کی حقیقت سے واقف ہے۔ اس کے علاوہ وہ دن دور نہیں جب بی جے پی کو چھوڑ کر بیشتر ممبرانِ اسمبلی گھرواپسی کریں گے۔

نواب ملک کے گھر اور خاندان کے افراد کی جاسوسی

مرکزی وزیرداخلہ اور ممبئی پولیس سے اس کی شکایت کی جائے گی

ممبئی:مرکزی جانچ ایجنسیوں کے ذریعے میرے اور میرے خاندن کے لوگوں کی جاسوسی کی جارہی ہے۔ اس کے خاطرخواہ ثبوت ہیں اور اس کی شکایت مرکزی وزیرداخلہ وممبئی پولیس سے کی جائے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔

نواب ملک نے کہا کہ جب میں دبئی میں ایک پرگرام میں شرکت کے لئے گیا تھا تو دو افراد میرے گھر، اسکول اور نواسوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ شک ہونے پر جب ان سے لوگوں نے تفتیش کرنے کی کوشش کی تو وہ بھاگ گئے۔ان دووں افراد کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئرکرنے کے بعد ان کی پوری معلومات ہمیں حاصل ہوگئی ہے۔ ’کو‘ ہینڈل پر انہوں نے میرے بارے میں معلومات شیئر کی ہیں۔ نواب ملک نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کوئی میرے اور میرے خاندان کے بارے میں کوئی معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ میرے پاس آئے میں اس کو درکار معلومات دینے کے لئے تیار ہوں۔نواب ملک نے کہا کہ میرے خلاف کچھ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے افسران واٹس ایپ پر مسودہ تیار کرکے ای میل کے ذریعے جھوٹی شکایت درج کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں۔ اس ضمن میں مرکزی ایجنسیوں کے واٹس ایپ چیٹ کے ثبوت میرے ہاتھ لگے ہیں۔ نواب ملک نے یہ واضح اشارہ دیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت ریاستی وزراء کو پھنسانے کی کوشش کرے گی تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیرداخلہ کے تحت کام کرنے والے افسران اگر اس طرح کی کارروائی کریں گے تو ہم اسے دیکھیں گے لیکن اس طرح کی حرکتیں کرکے خوفزدہ کرنے کی کوشش اگر مرکزی تفتیشی ایجنسیاں کریں گی تو ہم اس طرح کی چالوں سے خوفزدہ نہیں ہونگے۔ نواب ملک نے کہا کہ اگر کسی وزیر پر جاسوسی کے ذریعے جھوٹے الزامات لگانے کی کوشش کی گئی تو یہ سنگین معاملہ ہے اس لئے اس کی شکایت مرکزی وزیرداخلہ اور ممبئی پولیس کمشنر سے کی جائے گی۔