یہ بجٹ عوامی فلاح و بہبود، کمزور، محروم و پسماندہ نیز اقلیتی طبقات کی ترقی پر مرکوز ہے
متوسط طبقے اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے تین لاکھ روپے تک کے انکم ٹیکس سے استثنیٰ کے فیصلے کا نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کیا خیر مقدم
ممبئی: پی ایم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کا پہلا بجٹ مہاراشٹر اور ملک کے لوگوں کے دلوں کو جیتنے والا بجٹ ہے۔ متوسط طبقے اور ملازمت پیشہ لوگوں کی امیدوں، امنگوں اور توقعات پر پورا اترنے والے اس بجٹ کا ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ و وزیر خزانہ اجیت پوار نے خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بجٹ، زراعت، صنعت، تجارت، تعلیم، صحت، تعاون، روزگار، خود روزگار، سائنس، تحقیق، ہنر مندی، سماجی انصاف اور خواتین کو بااختیار بنانے والا ہے۔ یہ بجٹ تمام شعبوں کی ترقی کو مضبوط کرے گا اور ایک مضبوط و ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد رکھے گا نیز ملک کو عالمی طاقت بننے کے راہ پر لے جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے اجیت پوار نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو ایک اچھا اور عوامی بہبود کا بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ این ڈی اے حکومت کے پہلے بجٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم وطنوں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ذریعہ پیش کردہ مرکزی بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور این ڈی اے حکومت کا خواب ملک کو ایک ترقی یافتہ اور عالمی طاقت بنانا ہے۔ یہ خواب آزادی کی صدی سے پہلے پورا ہونا ہے۔ اس خواب کی تکمیل کے لیے دور اندیشی کے ساتھ یہ بجٹ پیش کیا گیا ہے۔
اجیت پوار نے کہا کہ نو شعبوں کو ترجیح دینا ایک ایسا فیصلہ ہے جو ملک کی مجموعی ترقی کو فروغ دے گا اور ملک کو تمام شعبوں میں آگے لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کے لیے 1.52 لاکھ کروڑ روپے کی فراہمی اہم ہے۔ اس سے زرعی شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھے گا۔ کم لاگت پر زیادہ پیداوار دینے والی سائنسی کاشتکاری کا فروغ ملک کے زرعی شعبے اور کسانوں کو تقویت بخشے گا۔ پردھان منتری غریب کلیان اَنّ یوجنا کی مدت 5 سال تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے ملک کے 80 کروڑ شہریوں کو غذائی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
اجیت پوار نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور ہنرمندی کی ترقی کے لیے 1.48 لاکھ کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے اگلے 5 سالوں میں 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مندی کی تربیت دی جائے گی۔ ’ای پی ایف او‘ پر مبنی اسکیم کے تحت پہلی بار ملازمت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو پہلے مہینے میں ایک ماہ کا الاؤنس دیا جائے گا۔ اس سے 21 کروڑ نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ اگلے 5 سالوں میں ملک کی 500 کمپنیوں میں کم از کم 1 کروڑ نوجوانوں کو انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ملک میں 12 انڈسٹریل پارکس قائم کیے جائیں گے۔ اجیت پوار نے یقین ظاہر کیا کہ اس سے مہاراشٹر کو بھی فائدہ ہوگا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مریضوں کے لیے اہم ادویات کو ایکسائز ڈیوٹی سے مستثنیٰ کرنے کا فیصلہ، موبائل چارجرز اور دیگر اشیاء پر سرچارج کو 15 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ، لیتھیم بیٹریوں کو سستا کرنے کا فیصلہ، پی ایم آواس اربن اسکیم کے تحت شہروں میں رہنے والے ایک کروڑ غریب شہریوں کو 10 لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرکےمکانات بنانے کا فیصلہ اور اگلے پانچ سالوں میں 2.5 لاکھ کروڑ روپے کی امداد فراہم کرنا لوگوں کے لیے کافی راحت بخش ہوگا۔ اجیت پوار نے انکم ٹیکس کے تحت 3 لاکھ روپے تک کی آمدنی کو چھوٹ دینے کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے متوسط طبقے اور ملازمت پیشہ لوگوں کو کم از کم 17500 روپے کی بچت ہوگی۔