پھر اسے پتہ چل جائے گا کہ پہلے اس کے ساتھ کتنے لوگ تھے اور اب کتنے ہیں
ممبئی:ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت اکثریت کی حکومت ہے اس لئے اگر ہمت ہے تو بی جے پی اس حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے۔ اگر بی جے پی عدم اعتماد کی تحریک لاتی ہے تو اسے پتہ چل جائے گا کہ پہلے اس کے ساتھ کتنے لوگ تھے اور اب کتنے ہیں۔ بی جے پی کو یہ چیلنج این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے دی ہے۔
نواب ملک نے کہا کہ اگر اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب شفاف طریقے سے ہورہا ہے تو بی جے پی کو اسے قبول کرنا چاہئے۔ اسمبلی اسپیکر کے عہدے کی اکثریت ہمارے پاس ہے۔ بی جے پی کا اگر یہ چاہتی ہے کہ خفیہ طریقے سے ووٹنگ ہو تو اسے اس کی بھی وضاحت کرنی چاہئے کہ کیا پارلیمنٹ کے ممبران کے پاس ضمیر نہیں ہے جو وہاں علانیہ طریقے سے ووٹنگ کی جاتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ اسمبلی اسپیکر کے عہدے کے انتخاب میں اکثریت مہاوکاس اگھاڑی کے پاس ہے اس کے باوجود وہ رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔
وزراء کو بار بار ملنے والی دھمکیوں کے پیشِ نظر
آئی پی ایس افسران کی ایک ایس آئی ٹی تشکیل کی جائے: نواب ملک
ممبئی: وزراء کو ملنے والی بار بار کی دھمکیوں کے پیش نظرآئی پی ایس افسران کی ایک ایس آئی ٹی تشکیل کی جائے۔ این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے آج اسمبلی میں یہ مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک سے کسی شخص نے آدتیہ ٹھاکرے کو دھمکی دی ہے جو ایک سنگین معاملہ ہے۔ اس کی چھان بین اور دھمکی دینے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے آئی پی ایس افسران کی ایک ایس آئی ٹی کی تشکیل کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کلبرگی، دابھولکر اور گوری لنکیش کے قتل کے پیچھے سناتن جیسی تنظیمیں ہیں۔بہت سے وزراء کو دھمکیاں دی جارہی ہیں جن کا کنکشن کرناٹک میں ہے۔ اس لئے اس کی تفتیش ہونی چاہئے۔نواب ملک کے اس مطالبے کے بعد وزیرداخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے ایس آئی ٹی کی تشکیل کئے جانے کا اعلان کیا۔