این سی پی نئے دم خم کے ساتھ دوبارہ اٹھے گی اور سب پر غالب آئے گی: سنیل تٹکرے
احمدنگر: پتھر ہمیشہ پھل دار درختوں پر ہی پھینکے جاتے ہیں۔ آج مخالفین این سی پی کو اجیت پوار کے خوف سے بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں لیکن این سی پی نئے دم خم کے ساتھ دوبارہ اٹھے گی اور سب پر غالب آئے گی۔ یہ باتیں این سی پی کے ریاستی صدر رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے اکولے میں پارٹی کی جائزہ میٹنگ کے دوران کہی ہیں۔
ریاستی صدر سنیل تٹکرے اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر پارٹی کو مضبوط کرنے کی غرض سے ریاست گیر دورے پر ہیں۔ احمد نگر ضلع کے اکولے میں منعقدہ جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے مزید کہا کہ ریاست کے سماجی ڈھانچے کی بنیاد شیو، شاہو، پھولے اور امبیڈکر کے ترقی پسند نظریات پر قائم ہیں۔ مخالفین نے لوک سبھا انتخابات میں اس سماجی ڈھانچے کی بنیاد کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ مخالفین اقلیتی سماج میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ مخالفین کے ذریعے اس پروپیگنڈے کے ذریعے اجیت پوار کو ولن بنانے کی کوشش کی گئی کہ انہوں نے جو کیا وہ غلط کیا۔ اس پروپیگنڈے کا جواب دینا ضروری ہے۔ مخالفین نے لوک سبھا انتخابات میں اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، لیکن اب انہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔ اب ہمیں ’اجیت پوار‘ کے نام سے ہمدردی پیدا کرنی ہوگی۔ تٹکرے نے کہا کہ یہ تصویر بنائی جا رہی ہے کہ اجیت پوار دہلی کے سامنے جھک گئے لیکن ایسا نہیں ہے۔ ہمارے اجیت پوار این ڈی اے کے اعلیٰ لیڈروں کے ساتھ اگلی صف میں بیٹھے تھے، یہ ہمارے اور پارٹی کے لیے فخر کی بات ہے، یہ بات ہر وقت کارکنوں کو بتانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی کرن لمہاٹے نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہم عوام کے لیے ایمانداری سے کام کر تے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ہمیں لوگوں تک پہنچنا ہے کچھ لوگ جھوٹ بول کر ووٹ مانگتے ہیں لیکن ہمیں ترقیاتی کاموں پر ووٹ مانگنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمد نگر ضلع نے این سی پی کو 6 ایم ایل اے دیئے ہیں، آنے والے دنوں اسمبلی انتخابات میں ایک بھی ایم ایل اے کم نہیں ہوگا۔
اس میٹنگ میں یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان، خواتین شعبے کی ریاستی صدر روپالی تائی چاکنکر، سماجی انصاف سیل کے ریاستی صدر سنیل ماگرے وغیرہ نے اپنے خیالات پیش کئے، جبکہ اس میٹنگ میں مذکورہ بالا مقررین کے علاوہ پارٹی کے قومی سکریٹری اویناش آدک، او بی سی سیل کے ریاستی صدر کلیان اکھاڑے، خواتین ضلع صدر انورادھا ناگوڑے، ریاستی نائب صدر راجندر ناگوڑے، احمد نگر شمالی ضلع صدر کپل پوار، احمد نگر دیہی صدر بالا صاحب نہاٹا، اگستی شوگر فیکٹری کے چیئرمین سیتارام گائکر اور کرشنا اڈھاؤ سمیت بڑی تعداد میں پارٹی عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔