ممبئی: ریاستی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ذریعے وزیراعلیٰ کواوبی سی ریزرویشن سے متعلق مکتوب لکھے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہا ہے کہ اگر راج بھون کے افسران گورنر کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے آگاہ نہ کریں تو اس سے زیادہ غلط بات اور کیا ہوسکتی ہے؟ واضح ہو کہ گورنر نے وزیراعلیٰ کو مکتوب لکھتے ہوئے اوبی سی ریزرویشن سے متعلق فیصلہ کرنے کے لئے کہا ہے جسے سپریم کورٹ نے اپنے ایک حالیہ فیصلے میں منسوخ کردیا ہے۔
نواب ملک نے کہا کہ محترم گورنر صاحب کو یہ بات معلوم ہونی چاہئے کہ اوبی سی کے سیاسی ریزرویشن کو سپریم کورٹ نے منسوخ کیا ہے نہ کہ ریاستی حکومت نے۔ ریاستی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہے اور امید ہے کہ جلد ازجلد کوئی مثبت فیصلہ سامنے آئے گا۔ لیکن اس حقیقت کے باوجود محترم گورنر صاحب ریاستی حکومت کو مکتوب لکھ کر ریزویشن کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ گورنر صاحب نے یہ مکتوب کسی سیاسی مقصد کے تحت لکھا ہے، وگرنہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے محترم گورنر کیسے واقف نہیں ہوسکتے۔ یا پھر یہ بھی ہوسکتا ہے کہ راج بھون کے افسران گورنر صاحب کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے واقف ہی نہ کرائے ہوں۔ اگر ایسا ہے تو اس سے زیادہ غلط بات اور کیا ہوسکتی ہے۔
مرکز کے ذریعے ریاست کو اندھیرے میں رکھنے کی وجہ سے نقلی ویکسی نیشن کا واقعہ ہوا: نواب ملک
ممبئی: ریاست خصوصی طور سے ممبئی میں نقلی ویکسی نیشن کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ایس آئی ٹی کے ذریعے اس کی تفتیش کی جارہی ہے، لیکن مرکز کے ذریعے ریاست کو اندھیرے میں رکھنے کی وجہ سے نقلی ویکسی نیشن کا یہ واقعہ رونما ہوا ہے۔ یہ الزام آج یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیرنواب ملک نے عائد کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نقلی ویکسی نیشن کی اصل وجہ یہ ہے کہ پرائیویٹ لوگوں اور پرائیویٹ اسپتالوں کو ویکسین دیا گیا جس کی اطلاع ریاستی حکومت کو نہیں دی گئی یا پھر اس کا ڈاٹا ریاست سے شیئر نہیں کیا گیا۔ نواب ملک نے کہا کہ پرائیویٹ لوگوں کو ویکسین فراہم کئے جانے کی معلومات اگر ابتداء میں ہی ریاستی حکومت کو دی گئی ہوتی تو ریاستی حکومت کی انتظامیہ، میونسپلٹی، ومیونسپل کارپوریشن اس پر کنٹرول رکھنے کا کوئی لائحہ عمل تیار کرسکتی تھی اورنقلی ویکسی نیشن کا واقعہ رونما نہیں ہوتا۔ اس لئے نقلی ویکسی نیشن کی تمام تر ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے جس نے اپنی جانب سے ویکسی نیشن کی تقسیم کی اطلاع ریاست کو دینا تک گوارہ نہیں کیا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ادویات وبنیادی ضروریات کے معاملے میں اس اختلاف سے بلند ہونا چاہئے۔