کانگریس کاقومی صدر منتخب ہونے پر ملکارجن کھڑگے کو اجیت پوار کی مبارکباد

ممبئی: کانگریس کے قومی صدر کے عہدے پر ملکارجن کھرگے کے منتخب ہونے پر ریاست کے اپوزیشن لیڈراجیت پوار نے آج یہاں پریس کانفرنس کے دوران مبارکباد پیش کی ہے۔ کانگریس کے قومی صدر کے عہدے کے لیے ہوئی ووٹنگ کا نتیجہ سامنے آیا جس میں ملکارجن کھرگے بھرپوراکثریت سے کامیاب ہوئے۔ اجیت پوار نے ملکارجن کھرگے کو اکثریت کے ساتھ الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس پریس کانفرنس سے قبل اجیت پوار نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی اور ریاست کے مختلف مسائل اوران کے حل کے بارے میں بات کی۔شیوسینا کے ایم ایل اے بھاسکر راؤ جادھو کے گھر پر کیے گئے پتھراؤ سے متعلق جب نامہ نگاروں نے اجیت پوار سے ان کا ردعمل جاننا چاہا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے بھاسکر راؤ جادھو سے بات کی ہے۔ جس وقت چپلون میں ان کے گھر پر حملہ ہوا، اس وقت وہ گھرپر نہیں تھے۔ وہ فی الوقت ممبئی میں ہیں، لیکن ان کے اہلِ خانہ گھر پر ہی تھے۔ اجیت پوار نے کہا کہ یہ بالکل سچ ہے کہ ان کے گھرپرپتھربازی ہوئی ہے۔ کسی کو تحفظ دینا اوراچانک وہ تحفظ چھین لینا کسی طور درست نہیں ہے۔ سب کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری بھی حکومت کی ہے۔ اجیت پوار نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے بھاسکر راؤ جادھو کے گھر پر پتھراؤ کے سلسلے میں وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس سے بات کی ہے۔اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری شیواجی راؤ گرجے، ایم ایل اے نیلیش لنکے، خواتین کی ریاستی صدر ودھیا تائی چوہان، نیشنلسٹ پارٹی لیڈر سنجے کھوڈکے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، یوتھ ونگ کے کارگزارصدر سورج چوہان، کیپٹن آشیش داملے وغیرہ موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading