NCP Urdu News 19 May 25

’گوروَشالی مہاراشٹرا درشن‘ نمائش کا منترالیہ میں وزیرِ اطلاعات و ٹیکنالوجی آشیش شیلار کے ہاتھوں افتتاح

۱۹ تا ۲۱ مئی تک جاری رہے گی یہ نمائش، مہاراشٹرا کی عظمت کی تاریخ اجاگر ہوگی، متحدہ مہاراشٹرا تحریک کے تاریخی لمحات کی تصویری جھلک

۲۳ مئی کو مہاڈ میں ’گوروَشالی مہاراشٹرا مہوتسو ۲۰۲۵‘ کا شاندار اختتام

ممبئی: مہاراشٹرا کی تابناک تاریخ، روحانی ورثے اور سماجی ترقی کی جھلک پیش کرنے والی ’گوروَشالی مہاراشٹرا درشن‘ تصویری نمائش کا افتتاح آج منترالیہ میں ریاست کے وزیرِ اطلاعات و ٹیکنالوجی آشیش شیلار کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آشیش شیلار نے کہا کہ ہماری سرزمین پر جن عظیم شخصیتوں نے جنم لیا، جن سنتوں نے روحانی زندگی کی رہنمائی کی، اور جن وزرائے اعلیٰ نے مہاراشٹرا کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، ان سب کی زندگیوں اور خدمات کو ایک ہی مقام پر دیکھنا باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ یہ بصری کارواں ریاست کے دیگر حصوں تک بھی پہنچے تاکہ نوجوان نسل کو اس تاریخی ورثے سے واقفیت حاصل ہو۔

آشیش شیلار نے نمائش کے تخلیقی و تحقیقی معیار کو سراہتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے اور اُن کی ٹیم کی کاوشوں کی کھل کر تعریف کی۔ اس تقریب میں مہاراشٹرا کے وزیر برائے مہارت و ترقی منگل پربھات لوڈھا، وزیر برائے خواتین و اطفال آدیتی تٹکرے، نیشنلسٹ کانگریس کے چیف ترجمان آنند پرانجے، ترجمان سنجے تٹکرے، ممبئی کے کارگزار صدر سدھارتھ کامبلے، یوتھ ونگ کے صدر سورج چوہان، پارٹی کے شریک خزانچی سنجے بورگے، جنرل سیکریٹری لطیف تمبولی سمیت متعدد اہم عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

یہ تصویری نمائش نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے یکم تا ۴ مئی جامبوری میدان، ممبئی میں منعقدہ ’گوروَشالی مہاراشٹرا مہوتسو ۲۰۲۵‘ کا توسیعی حصہ ہے، جس میں ریاست کی وراثت، سماجی تحریکات اور قیادت کے ارتقا کو تصویری انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ اس مہوتسو میں پانچ خصوصی گیلریاں لگائی گئی تھیں، جن میں مہاراشٹرا کا فکری دھارا، مہاراشٹرا دھرم، گرجتا مہاراشٹرا، مہاراشٹرا کے رتن، اور تمام وزرائے اعلیٰ کی خدمات پر مبنی گیلری شامل تھی۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے منترالیہ میں بھی اسی طرز کی نمائش منعقد کرنے کی تجویز دی تھی، جس کے مطابق یہ تصویری نمائش آج سے ۲۱ مئی تک منترالیہ میں عوام، افسران اور وزراء کے مشاہدے کے لیے کھلی رہے گی۔

نمائش میں مہاراشٹرا کی فکری روایات، سنت روایت کا پیغام، عظیم شخصیات کی خدمات، بھارت رتن سے سرفراز مراٹھی شخصیتوں کے کارنامے اور گزشتہ ۶۵ برس کے دوران مختلف وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کو مفصل انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ سنیل تٹکرے نے کہا کہ نوجوان نسل کو مہاراشٹرا کے شاندار ماضی سے روشناس کرانے کے لیے یہ ایک مربوط اور بصری کوشش ہے، جو مہاراشٹرا کی روحانی، سیاسی اور ثقافتی شناخت کو ایک چھت تلے سمیٹتی ہے۔ اس سلسلے میں، ۲۲ مئی کو سنیل تٹکرے سابق وزیراعلیٰ یشونت راؤ چوہان کی کراڈ میں واقع سمادھی پر جا کر خراجِ عقیدت پیش کریں گے، جب کہ ۲۳ مئی کی صبح وہ قلعہ راج گڑھ پر چھترپتی شیواجی مہاراج کو سلامی پیش کریں گے، اور بعد ازاں مہاڈ کے ’چوَدار تالاب‘ پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ اسی روز شام ۶:۳۰ بجے مہاڈ کے کاندے میدان میں ایک شاندار ثقافتی تقریب کے ساتھ ’گوروَشالی مہاراشٹرا مہوتسو ۲۰۲۵‘ کا اختتامی جلسہ منعقد ہوگا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading