NCP Urdu News 19 August 21

ہم اتل بھاتکھلکر کے الزامات کو ذرہ برابربھی اہمیت نہیں دیتے: مہیش تپاسے

مرکزی وزیر کی موجودگی میں ہوا میں فائرنگ بی جے پی کی سمت کا اشارہ ہے

ممبئی: محترم شردپوار ووزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے پر بے تکے الزامات عائدکرنے والے اتل بھاتکھلکر کے بے بنیاد الزامات کو ہم ذرہ برابر بھی اہمیت نہیں دیتے ہیں۔یہ باتیں آج یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی ترجمان مہیش تپاسے نے کہی ہیں۔

تپاسے نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت اوروزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کی ملک بھر میں بڑھتی مقبولیت اور محترم شردپوار کی ملکی سطح پر تسلیم کی جانے والی قائدانہ صلاحیت سے بوکھلاکر اتل بھاتکھلکر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں جس سے ان کا مقصد خود کی تشہیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ جن آشیرواد یاترا نکالے ہوئے ہیں جو کورونا بحران کے دور میں کسی طور نہیں نکالا جانا چاہیے تھا۔ اخلاقی بنیادوں پر یہ ضروری تھا کہ بی جے پی کورونا کا بحران ختم ہونے کا انتظار کرتی لیکن جہاں سے اخلاقیت ہی نہیں انسانیت بھی کافور ہوچکی ہو وہاں اگر عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا جارہا ہے تو کوئی حیرت نہیں ہونی چاہیے۔ تپاسے نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی صورت حال کو کنٹرول میں لانے کے لیے وزیراعلیٰ، وزیرصحت ودیگر وزراء نے کافی محنتیں کی ہیں اور وہی بی جے پی سے دیکھا نہیں جارہا ہے۔ اسی لیے حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کی بی جے پی کی جانب سے مسلسل کوششیں ہورہی ہیں۔

مہیش تپاسے نے کہا کہ کرناٹک کے بیدر میں بی جے پی کے جن آشیرواد یاتر کے دوران مرکزی وزیر بھگونت کھوبا کے عین سامنے بی جے پی کے لوگوں نے ہوا میں فائرنگ کی ہے۔ اس فائرنگ سے اس کا واضح اشارہ مل جاتا ہے کہ بی جے پی کس سمت میں رواں دواں ہے۔ ایسی صورت میں ہونا تو یہ چاہیے کہ بی جے پی اخلاقی بنیادوں پر بھگونت کھوبا کا استعفی لے کر انہیں وزارت سے برخاست کردے لیکن جیسا کہ عرض کیا گیا کہ جہاں اخلاقیت تو دور انسانیت کے لیے بھی کوئی جگہ نہ ہو وہاں ایسی امید کرنا فضول ہوگا۔تپاسے نے کہا کہ بی جے پی کے مرکزی وزیر کے سامنے جس بندوق سے ہوا میں فائرنگ ہوئی ہے اس کا لائسنس نہیں ہونے کی خبر ہے۔اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ بی جے پی کے لوگ غیرقانونی اسلحوں کا استعمال کرتے ہیں۔اس لیے مودی حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ کم ازکم اس معاملے میں تو اپنی بچی کھچی اخلاقیت کا مظاہرہ کرے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading