آئی ٹی آئی کے 10؍ہزار طلباء کو آن جاب ٹریننگ دیا جائے گا: نواب ملک
ڈائریکٹوریٹ آف ووکیشنل ایجوکیشن اینڈٹریننگ، سیمنز لمیٹیڈ وٹاٹاکمیونیٹی انیشی ٹیوز ٹرسٹ کے مابین معاہدہ
ممبئی: ریاست کے دس اضلاع کے 126؍سرکاری صنعتی تربیتی انسٹی ٹیوٹ(آئی ٹی آئی) میں تعلیم حاصل کرنے والے تقریبا 10؍ہزار طلباء کو آن جاب ٹریننگ دیا جائے گا۔ اس تربیتی پروگرام کو جرمن ڈوویل سسٹم آف ٹریننگ ماڈل کے تحت نافذ کیا جائے گا، جس کے لئے ریاست کے محکمہ اسکل ڈیویلپمنٹ کے وزیر نواب ملک کی موجودگی میں ڈائریکٹوریٹ آف ووکیشنل ایجوکیشن اینڈٹریننگ، سیمنز لمیٹیڈ وٹاٹاکمیونیٹی انیشی ٹیوز ٹرسٹ کے مابین مفاہمتی معاہدہ ہوا ہے۔ اس پروگرام سے طلباء کو تربیت کے ساتھ ہی روزگاربھی دستیاب ہوگا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ووکیشنل ایجوکیشن اینڈٹریننگ کے دفتر میں ورلڈ یوتھ اسکل ڈے کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں ڈائریکٹوریٹ آف ووکیشنل ایجوکیشن اینڈٹریننگ، سیمنز لمیٹیڈ وٹاٹاکمیونیٹی انیشی ٹیوز ٹرسٹ کے مابین یہ معاہدہ ہواہے۔اس موقع پر محکمہ اسکل ڈیویلپمنٹ کی چیف سکریٹری منیشا ورما، اسکل ڈیویلپمنٹ محکمہ کے کمشنر دیپندر سنگھ کشواہا، اسکل ڈیویلپمنٹ شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر انل جادھو، آئی ٹی آئی کے ڈائریکٹر دگمبر دلوی، جوائنٹ ڈائریکٹر یوگیش پاٹل، سیمنز لمیٹڈ کے چیف منیجر منموہن سنگھ کورنگا، انیس محمد، ٹاٹا اسٹرائیو کے ابھیشیک دھوترے کی موجودگی کے ساتھ آن لائن طریقے سے ریاست کے آئی ٹی آئیز کے پرنسپل، اساتذہ اوردیگر عملہ شریک تھا۔ریاست کے اورنگ آباد، کولہاپور، ممبئی، ناگپور، ناسک، پالگھر، پونے، رائے گڑھ و تھانے ضلع میں 126؍سرکاری آئی ٹی آئی میں الیکٹریشن، الیکٹرانک میکینک، فٹر، ٹرنر، مشینسٹ، مشینسٹ گرائنڈر، ٹول وڈائی میکر، موٹر میکنیک وہیکل، ریفریجریشن اور ایئرکنڈیشنگ نیز ویلڈر کے تربیتی نصاب کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلباء کے لئے یہ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ ان آئی ٹی آئی میں طلباء کو قریب ترین صنعت سے جوڑ کر اس کے ذریعے اسی صنعت میں طلباء کو آن جاب ٹریننگ دیا جائے گا۔
محکمہ اسکل ڈیویلپمنٹ کے وزیر نواب ملک کے مطابق آئی ٹی آئی میں پہلے سال کی تربیت مکمل ہونے کے بعد ایک ماہ تک آن جاب ٹریننگ، دوسرے سال کی تربیت مکمل ہونے کے بعد دو ماہ تک آن جاب ٹریننگ اور آئی ٹی آئی کے حتمی نتائج کے آنے کے بعد طباء کو ایک سال کے لئے اپرنٹی شپ کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ نواب ملک کے مطابق یہ پروگرام موثر طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔ نواب ملک نے سیمنز لمیٹیڈ وٹاٹاکمیونیٹی انیشی ٹیوز ٹرسٹ سے اپیل کی ہے کہ ریاست کے دیگراضلاع میں بھی وہ اسی طرح کے پروگرام شروع کرنے کی پہل کریں۔نواب ملک نے آگاہ کیا کہ آئی ٹی آئی میں بنیادی سہولیات وبہتر تربیت کے لئے مختلف صنعتی ادارے خود ہی آگے آرہے ہیں اورابھی تک 50سے زائد نامور صنعتی اداروں کے ساتھ ایم یو او پر دستخط ہوچکے ہیں۔