سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی کی موت پر اجیت پوار و نواب ملک کی اظہار تعزیت

ممبئی: این سی پی لیڈر، سابق ریاستی وزیر اور کافی عرصے تک اسمبلی میں نمائندگی کرنے والے میرے ساتھی بابا صدیقی پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور تکلیف دہ ہے۔ میں یہ جان کر حیران رہ گیا کہ اس واقعہ میں ان کی موت ہوگئی۔ میں نے اپنا ایک اچھا ساتھی اور دوست کو کھو دیا ہے۔ میں اس بزدلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ یہ باتیں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی موت پر کہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ اس حملے کے ماسٹر مائنڈ کا بھی پتہ چل جائے گا۔ بابا صدیقی کی وفات سے ہم ایک اچھے رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اقلیتی برادری کے لیے کافی جدوجہد کی اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے ہمیشہ آگے رہے۔ ان کا انتقال این سی پی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ میں ذیشان صدیقی، صدیقی خاندان اور ان کے کارکنوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

دریں اثنا سابق کابینی وزیر و رکن اسمبلی نواب ملک نے بھی بابا صدیقی کی موت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مشہور سماجی و سیاسی شخصیت اور میرے دیرینہ ساتھی بابا صدیقی کے اچانک اور المناک موت سے مجھے سخت صدمہ پہنچا ہے۔ ہم اور وہ کئی دہائیوں تک ایک ساتھ کام کئے۔ ان کی موت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ ان کی وفات پر ان کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور دعائیں ہیں۔ نواب ملک نے مزید کہا ہے کہ بابا صدیقی ایک بااثر اور محبت کرنے والے شخص تھے، جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading