کوئلے کی قلت کے لئے مودی حکومت کی غلط پالیسی ذمہ دار: نواب ملک
ممبئی: ملک میں کوئلے کی جو قلت پیدا ہوئی ہے اس کی ذمہ دار مودی حکومت کی غلط پالیسی ہے۔ حکومت اگر کوئلے کانوں کی تقسیم میں دوراندیشی کوبروئے کار لائی ہوتی تو آج یہ صورت حال نہیں ہوتی۔ یہ سخت تنقید آج یہاں این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیرنواب ملک نے کی ہے۔
انہوں نے ملک میں کوئلہ نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے ملک وریاست میں بجلی پیداکرنے والی بہت سے پلانٹس بند ہوگئے ہیں۔ کوئلہ درآمد کرنے کے بعد بھی وہ ضرورت کی تکمیل کے لئے ناکافی ہورہا ہے جبکہ درآمد کی وجہ سے ملک کا زرِ مبادلہ زیادہ خرچ ہورہا ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ یوپی اے حکومت کے دور میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مستقبل میں بجلی کی زائد ضرورت کے پیشِ نظر مزید بجلی بنانے کی پالیسی تیار کی تھی۔ کوئلے کانوں کے ٹھیکے دیئے گئے لیکن اس وقت بی جے پی نے ٹھیکے میں بدعنوانی کے نام پر آسمان سرپراٹھالیا تھا جس کے بعد وہ تمام ٹھیکے رد کردیئے گئے تھے۔ لیکن بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد وہی کانیں دوسروں کے حوالے کی گئیں مگر وہ آج تک شروع نہیں ہوسکیں۔کانوں میں کوئلہ موجودہونے کے باوجود کوئلے کی قلت اور بیرونِ ملک سے کوئلے کی درآمد پر زائد زرِمبادلہ کے خرچ وغیرہ کی تمام تر ذمہ داری مودی حکومت کی غلط پالیسی پر عائد ہوتی ہے۔
ریاست میں ستمبر مہینے میں 17 ہزار 150 بے روزگاروں کو روزگارفراہم کیا گیا: نواب ملک
ممبئی:کوروناکی وجہ سے ملک وریاست میں بے روزگاری کی سنگین صورت حال کے باوجود ریاستی حکومت کے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے بیروگاروں کو روزگارفراہم کرنے کے اپنے مختلف پروگرامس کے ذریعے ستمبر 2021میں 17؍ہزار150بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں محکمہ کے وزیر جناب نواب ملک نے دی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ریاست میں ملازمت کے خواہشمندوں کو مختلف سرگرمیوں جیسے مہاسویم ویب پورٹل، آن لائن روزگار میلہ وغیرہ اور مختلف کمپنیوں، کارپوریٹ تنظیموں، صنعتوں کے ذریعے روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔اس طرح کے مختلف اقدامات کے ذریعے سال 2020 میں ریاست میں 1؍ لاکھ 99 ہزار 486 امیدواروں کو روزگار فراہم کیا گیا، جبکہ موجودہ سال جنوری سے ستمبر تک 1؍لاکھ28ہزار233 روزگار کے متلاشیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔
نواب ملک نے بتایاکہ روزگار کے متلاشیوں اور روزگارفراہم کرنے والے اداروں وکمپنیوں کے درمیان براہ راست رابطہ کے لئے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے https://rojgar.mahaswayam.gov.in نامی ویب پورٹل شروع کیا ہے۔ روزگار کے خواہشمند امیدوار اس ویب پورٹل پر اپنی تعلیمی قابلیت، مہارت اور تجربہ وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات کا اندراج کرتے ہیں، اسی کے ساتھ کمپنیاں، کاروباری افراد، کارپوریٹس ادارے جو قابل امیدواروں کی متلاشی ہوتی ہیں وہ بھی اس ویب پورٹل پر رجسٹر ہو کر اپنے مطلوبہ امیدوار تلاش کر سکتے ہیں۔ ملازمت کے متلاشیوں کو اس ویب پورٹل پر اندراج کرانا ضروری ہے۔اس کے علاوہ محکمہ کی جانب سے اضلاع کی سطح پر وقتا فوقتاآن لائن روزگار میلوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
نواب ملک کے مطابق محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے مہاسویم ویب پورٹل پر اب تک 91ہزار476 سرکاری اور نجی کاروباری اداروء وافراد نے اندراج کیا ہے۔ ان میں سے بہت سے کاروباری افراد اپنی ضروریات کے مطابق اپنے یہاں خالی اسامیوں کو مہاسویم ویب پورٹل اور اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کی آن لائن میلوں کے ذریعے پرکرتے ہیں۔جس سے ملازمت کے متلاشیوں کومحکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعے ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔
محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے مطابق ستمبر2021 میں 46 ہزار150 روزگار کے خواہشمند امیدواروں نے محکمہ کے پاس رجسٹرڈ یا دوبارہ رجسٹرڈ کیا ہے۔ ان میں ممبئی ڈیویژن سے 12ہزار594،ناسک ڈیویژن سے 6 ہزار449،پونے ڈیویژن سے 12ہزار 862، اورنگ آبادڈویژن سے5 ہزار981، امراؤتی ڈویژن سے 2 ہزار953 جبکہ ناگپور ڈویژن سے5 ہزار311 ؍افراد رجسٹرڈ ہوئے۔اس کے علاوہ ماہ جولائی میں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے مختلف پروگرام کے ذریعے17؍ہزار 150؍امیدواروں کوملازمت ملی ہیں۔ ان میں سے ممبئی ڈویژن کے سب سے زیادہ 10؍ہزار20، ناسک ڈویژن کے1ہزار760، پونے ڈویژن کے 2ہزار505، اورنگ آباد ڈویژن کے298، امراؤتی ڈویژن کے528 ؍اور ناگپور ڈویژن کے 2ہزار39 ؍ لوگ روزگار سے لگے ہیں۔