NCP Urdu News 10 June 24

شیو – شاہو – پھولے – امبیڈکر کا نظریہ این سی پی کی روح ہے جسے پارٹی کبھی نہیں چھوڑے گی: اجیت پوار

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی سلور جوبلی پروگرام کا شنمکھانند آڈیٹوریم میں شاندار انعقاد

ممبئی: شیو – شاہو – پھولے – امبیڈکر کا نظریہ این سی پی کی روح ہے۔ روح کے بغیر کوئی بھی زندہ نہیں رہ سکتا ہے، اس لیے یہ نظریہ پارٹی کبھی نہیں چھوڑے گی۔ یہ یقین دہانی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ملک اور ریاست کے لوگوں کو کرائی ہے۔ اجیت پوار نے این سی پی کے طور پر نئی توانائی اور جوش کے ساتھ اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے اور این سی پی کا پرچم لہرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ آج نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی 25ویں سلور جوبلی پروگرام کا شنمکھانند آڈیٹوریم میں انعقاد کیا گیا، وہ اس موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

اجیت پوار نے زور دے کر کہا کہ شیو شاہو پھولے امبیڈکر کا نظریہ این سی پی کا نظریہ تھا اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی کی شناخت کسانوں کی پارٹی کے طور پر کی جاتی ہے۔ پارٹی نے نوجوانوں، خواتین، پسماندہ طبقات، مسلمانوں اور قبائلیوں کو متحد کیا ہے۔ اجیت پوار نے یہ بھی بتایا کہ حکومت میں ان طبقات کو نمائندگی دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

پارٹی کے کارگزار صدر پرفل پٹیل نے کہا کہ اجیت پوار مہاراشٹر کے احساسات اور دکھ کو جانتے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ این سی پی اجیت دادا کی قیادت میں کامیابی سے آگے بڑھے گی۔ این سی پی کے ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے نے کہا کہ پارٹی سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلے گی اور شیو شاہو پھولے امبیڈکر کی سماجی مساوات کی نظریاتی بنیاد پر قائم رہے گی۔

تٹکرے نے کہا کہ ایک ہی ہدف حلقہ اسمبلی کے تحت ہمیں ریاست بھر میں کام کرنا ہوگا۔ ہمیں دکھانا ہوگا کہ اجیت پوار کی قیادت میں ہمارا اسٹرائک ریٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست سے ناامید مت ہوئیے، ایک لیڈر جو عوام کے لیے 24 گھنٹے کام کرتا ہے ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔

خوراک اور سول سپلائی کے وزیر و این سی پی کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل نے کہا کہ این سی پی شیو شاہو پھولے امبیڈکر کے نظریہ پر کام کر رہی ہے اور ہمیں تمام طبقات کے لوگوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے درمیان اس نظریے کے ساتھ جانا ہوگا تاکہ لوگوں میں ایک بار پھر اعتماد پیدا ہو۔

وزیر زراعت دھننجے منڈے نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ ہم آئندہ اسمبلی انتخابات میں تاریخی جیت حاصل کریں گے اور لوک سبھا انتخابات میں شکست کا ازالہ کریں گے۔ اس موقع پر یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان، خواتین کی ریاستی صدر روپالی تائی چاکنکر، سابق وزیر بابا صدیقی، ممبئی ڈویژنل صدر سمیر بھجبل وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس تقریب میں این سی پی کے قومی صدر اجیت پوار، قومی ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل، ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے، سینئر لیڈر اور فوڈ اینڈ سیول سپلائیز کے وزیر چھگن بھجبل، کو آپریٹیو کے وزیر دلیپ ولسے پاٹل، میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر حسن مشرف، وزیر کھیل سنجے بنسوڑے، باز آبادکاری کے وزیر انل پاٹل، وزیر زراعت دھننجے منڈے، پارٹی لیڈر شیواجی راؤ، مشتاق انتولے، ممبئی ڈویژنل صدر سمیر بھجبل، سابق وزیر بابا صدیقی، ریاستی جنرل سکریٹری سورج چوہان ور شیواجی راؤ گرجے وغیرہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading