این سی پی-شرد پوار کے اسمبلی لیڈر جیتندر اوہاڈ کا سنگین الزام
ممبئی: پرلی اسمبلی حلقے میں 201 بوتھوں پر قابض ہو کر فرضی ووٹنگ ووٹنگ کرائی گئی۔ ووٹروں کی انگلی پر سیاہی لگائی جاتی اور انہیں باہر بھیج دیا جاتا تھا، جبکہ ووٹنگ مشین کا بٹن اندر موجود ایک گینگ کے افراد دباتے تھے۔ یہ سنگین الزام این سی پی شرد پوار کے اسمبلی میں لیڈر جیتندر اوہاڈ نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس میں لگایا ہے۔ اس موقع پر پرلی اسمبلی حلقے کے امیدوار راجے صاحب دیشمکھ بھی موجود تھے۔
جیتندر اوہاڈ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد عوام کے دل و دماغ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور انتخابات کے حوالے سے کئی سوالات اٹھے ہیں۔ پرلی اسمبلی حلقے میں این سی پی شرد پوار کے امیدوار راجے صاحب دیشمکھ مسلسل ہر بوتھ کا دورہ کر رہے تھے۔ پرلی اسمبلی حلقے میں کل 396 بوتھ ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران بے ضابطگیوں کے بعد ہائی کورٹ نے 122 بوتھوں کو انتہائی حساس قرار دیا تھا اور ان پر اضافی سیکیورٹی کی ہدایت دی تھی۔ ان بوتھوں کی حفاظت کی ذمہ داری ضلع کلکٹر، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اور الیکشن افسران کی تھی، لیکن ان انتخابات میں 201 بوتھوں پر حملہ کرتے ہوئے 101 بوتھوں کو مکمل طور پر قابو میں لے لیا گیا تھا۔
جیتندر اوہاڈ نے الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اب بےشرم افراد کا اڈہ بن گیا ہے اور حکومتی جماعتوں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے الیکشن افسران کو چیلنج کیا کہ وہ بوتھ کیپچرنگ پر وضاحت دیں۔ اوہاڈ نے پرلی میں بوتھ کیپچرنگ کے دوران ایک ویڈیو پیش کیا گیا ہے جس میں گوٹیا گیتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن انہیں حراست میں لے گا؟ اوہاڈ نے کہا کہ کمیشن کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور متعلقہ افسران کا تحریری جواب عوام کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ اوہاڈ نے مزید کہا کہ گوپی ناتھ راؤ منڈے جب بیڑ ضلع کی قیادت کرتے تھے تو وہاں ایسی ہٹ دھرمی نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ بیڑ کو تباہ کرنے والے ایس پی، کلکٹر اور دیگر افسران کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ اس موقع پر پرلی اسمبلی حلقے کے امیدوار راجے صاحب دیشمکھ نے کہا کہ ووٹنگ کے دوران ووٹروں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کیا گیا۔ ووٹرز کا صرف ووٹر کارڈ دیکھ کر ان کی انگلی پر سیاہی لگا دی جاتی، لیکن ووٹ مشین کا بٹن کوئی اور دبا رہا تھا۔ یہ ووٹروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔
NCP-SP Urdu News 10 January 25.docx
