ممبئی: تعلیمی، سماجی وفلاحی حلقے کی مایہ ناز شخصیت پدم شری محترمہ فاطمہ زکریا کے انتقال پرملال پر این سی پی کے سربراہ شردپوار نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور اسے قوم وملک کا ایک

زبردست نقصان قرار دیا ہے۔ اپنے ٹوویٹر اکاؤنٹ پر انہوں نے کہا ہے کہ”سینئر جرنلسٹ، سماجی کارکن پدم شری فاطمہ رفیق زکریا کا انتقال سکتہ طاری کرنے والا ہے۔ مولانا آزاد ایجوکیشن ٹرسٹ وریسرچ

سینٹر کے ذریعے تعلیمی میدان کے لیے نیز ڈاکٹر رفیق زکریا کیمپس، مہاراشٹر کالج، آل انڈیا خلافت کمیٹی جیسے اداروں کے ذریعے خواتین کو خودکفیل بنانے، صحت، اقلیتی لڑکوں ولڑکیوں کی خودکفالتی میدان میں انہوں نے گرانقدر کام کیے۔ دی السٹریٹ ویکلی نامی میگزین کی انہوں نے مسلسل ادارت کی اور مضامین لکھے۔ ان کے اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہوں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں“۔ اپنے ٹوویٹ کے ساتھ شردپوار نے محترمہ فاطمہ زکریا کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔