مولانا ولی رحمانی کا سانحہئ ارتحال ملک وملت کے لیے عظیم خسارہ ہے: نسیم خان

ممبئی: معتبر عالم دین وملی رہنما مولانا ولی رحمانی کے سانحہئ ارتحال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر وکانگریس پارٹی کے کارگزارصدر محمد عارف نسیم خان نے کہا ہے کہ مولانا لی رحمانی کی رحلت ملک وملت کے لیے عظیم خسارہ ہے۔ ان کی رحلت سے ہم ایک عظیم ملی وقومی رہنما سے محروم ہوگئے۔ مولانا ولی رحمانی کی رحلت پر اپنے تعزیتی پیغام میں نسیم خان نے کہا ہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری وامارت شرعیہ بہار، بنگال،آسام وجھارکھنڈ کے امیرشریعت کی حیثیت سے مولانا نے ملک وملت کے گرانقدر خدمات انجام دیں جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نسیم خان نے کہا کہ مولانا ہر مکتب فکر کے لوگوں میں یکساں مقبول تھے اور ہرطبقے میں ان کی بات نہایت احترام سے سنی جاتی تھی۔ مولانا مرحوم نے ایسے دور میں ملک وملت کی قیادت کی جبکہ پورا ملک فرقہ وارانہ عصبیت کا شکار ہے۔ مولانا نہایت معتدل مزاج شخصیت کے حامل تھے، ان کی رحلت نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے ملک کے لیے عظیم نقصان ہے۔ اللہ مولانا کے درجات بلند کرے اور ملت کو صبرجمیل عطاکرے۔ میں ذاتی طور پر مولانا کے اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہوں۔