8 ستمبر کو عید میلاد النبی جلوس کےموقع پر ممبئی میں عام تعطیل کا اعلان

ممبئی: سابق وزیر اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن محمد عارف (نسیم) خان کی طرف سے کی گئی تحریری درخواست کو قبول کرتے ہوئے مہاراشٹر حکومت نے 8 ستمبر کو عید میلاد النبی کے موقع پر ممبئی شہر و ضلع میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ نسیم خان نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

نسیم خان نے اپنے خط میں وزیر اعلیٰ کو توجہ دلائی تھی کہ اس سال بھی مسلمانوں کا مقدس تہوار عید میلاد النبی اور ہندو برادری کا اہم تہوار اننت چترتھی ایک کے بعد ایک آ رہے ہیں۔ ایسے موقع پر ریاست میں بھائی چارہ، ہم آہنگی اور ہندو مسلم اتحاد کو برقرار رکھنے کی نیت سے مسلم برادری نے فیصلہ کیا کہ جلوس 5 ستمبر کے بجائے 8 ستمبر کو نکالا جائے۔ اس پس منظر میں 26 اگست کو نسیم خان نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر یہ مطالبہ کیا تھا کہ جلوس کی تاریخ یعنی 8 ستمبر کو عام تعطیل قرار دی جائے تاکہ عوام دونوں مذاہب کے تہوار سکون اور اتحاد کے ساتھ منا سکیں۔ریاستی حکومت نے اس مطالبے کو مانتے ہوئے 8 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ نسیم خان نے حکومت کے اس اقدام کو ریاست میں پھلے، شاہو اور امبیڈکر کی بھائی چارے اور مساوات کی روایت کو برقرار رکھنے والا فیصلہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ قدم اس بات کی ضمانت ہے کہ مہاراشٹر کی سرزمین پر دونوں مذاہب کے ماننے والے اپنے اپنے تہوار خوشی، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ منائیں گے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاء مزید مضبوط ہوگی۔ نسیم خان نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ساتھ ساتھ حکومت کے تمام ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس حساس اور اہم معاملے میں بروقت فیصلہ کرتے ہوئے مسلمانوں کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کیا اور ریاستی سطح پر اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading