• 425
    Shares

ملک کی دولت لٹیروں سے بچانے کے لیے کانگریس جدوجہد کرے گی: ایچ کے پاٹل

مرکز کی ظالم و جابربی جے پی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہویئے: ناناپٹولے

انقلابیوں کی سرزمین ستارا نے تحریک آزادی میں ملک کو قوت دی: بالا صاحب تھورات

کانگریس کی جانب سے شروع کی جانے والی ’ویرتھ نہ ہو بلیدان،چلو بچائیں سنویدھان‘ مہم کے تحت ستارا ضلع کے وڈوز میں پروگرام کا انعقاد

ستارا/ ممبئی:مرکز کی بی جے پی حکومت ملک کے قومی دولت کو اپنے دو چار صنعت کار دوستوں کی جھولی میں ڈال رہی ہے۔ملک کے بنیادی ڈھانچے جیسے سڑکیں، ریلوے اسٹیشن، ریلوے لائن، توانائی، گیس پائپ لائن، ٹیلی کام سیکٹر، گودام، کانیں، ہوائی اڈے اور بندرگاہیں ۶لاکھ کروڑ روپے کے عوض 40 سالوں کے لیے لیز پر دیدی ہیں۔ ملک کی دولت نجی لوگوں کو فروخت کرنے کا سلسلہ ہی شروع ہوگیا ہے۔ کانگریس پارٹی اس کی شدید مخالف ہے، وہ ملک کی دولت لوٹنے والوں کے خلاف کھڑی ہے۔ ملک کی دولت کے مالک ملک کے شہری ہیں۔ہم اس دولت کی حفاظت کریں گے اور اورملک کی دولت لوٹنے والے لٹیروں سے ملک کو بچائیں گے۔ یہ باتیں آج مہاراشٹر پردیش کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل نے کہی ہیں۔آزادی کی ڈائمنڈجوبلی کے موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم’ویرتھ نہ ہوبلیدان، چلوبچائیں سنویدھان‘ مہم کے تحت آج ستارا ضلع کے وڈوزا میں منعقدہ ایک جلسے سے ایچ کے پاٹل خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے کہا کہ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے آزادی سے پہلے اور بعد میں ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آزادی کے بعد انہوں نے ملک دنیا کے سامنے وقار کے ساتھ کھڑا کیا۔مختلف ترقیاتی اسکیموں کو لاگو کرکے ملک میں انقلاب برپا کیا لیکن آج انہیں پنڈت جواہر لال نہروکو مرکز کی بی جے پی حکومت بھول گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنڈت جواہر لال نہرو کی تصویر شامل کرنے کا بھی حوصلہ نہیں دکھاسکی۔ انہیں نظرانداز کرکے بی جے پی نے ملک کی آزادی کے لئے اپنی جانیں نچھاورکرنے اور جدوجہد کرنے والے لاکھوں مجاہدین آزادی کی توہین کی ہے۔ ایچ کے پاٹل نے کہا کہ جو ملک 74سالوں میں قائم ہوا وہی ملک گزشتہ 7سالوں سے فروخت کیا جارہا ہے۔برطانوی راج کی طرح مرکز کی موجودہ حکومت ایک ظالم، جابراور ناانصافی کرنے والی حکومت ہے، اس کے خلاف ہم سب کو نہایت مضبوطی کے ساتھ اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔

وزیر محصولات بالا صاحب تھورات نے کہا کہ ستارا ضلع کے وڈوز کی یہ سرزمین انقلاب کی سرزمین ہے۔ستارا کی یہ سرزمین ملک میں انقلابیوں کا مرکز تھا، اس سرزمین نے ملک کو توانائی دی ہے۔ 1857 کی بغاوت کے وقت اس سرزمین میں سوراجیہ کی مشعل جلائی گئی تھی۔ اس سرزمین سے انقلابی پیدا ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے ملک کو آئین دے کر عام لوگوں کو طاقت دی لیکن اب یہ شبہ پیدا ہورہا ہے کہ ملک کا آئین و جمہوریت محفوظ رہے گی۔ 2014 سے ملک میں تصویر بدل گئی ہے۔ کسان دس ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں، ان کو روکنے کے لیے سڑکوں پر کیلیں گاڑی جارہی ہیں، فائرنگ کی جارہی ہے۔ کسانوں کوقتل کیا جارہا ہے لیکن دہلی میں حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ایسی صورت میں جبکہ مرکز ی حکومت کسانوں پر ظلم کررہی ہے، ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے ریاست کے کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنے کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے کسانوں کو بڑی راحت دی ہے۔ بی جے پی کی پالیسی ہے کہ اقتدار کے لیے کچھ بھی کرے، لیکن یہ ملک آئین کے اصولوں کے مطابق چلے گا۔گوکہ کانگریس فی الوقت مشکل حالات سے گزرہی ہے لیکن مستقبل میں مرکز میں سونیاگاندھی کا ہی دن آئے گا۔

اس پروگرام سے سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان،ریاستی ورکنگ صدر بسوراج پاٹل، وزیر یشومتی ٹھاکر، وزیر مملکت ستیج بنٹی پاٹل، ڈاکٹر وشوجیت کدم نے بھی خطاب کیا اور بی جے پی ومرکزی حکومت پر سخت تنقیدیں کیں۔ اس جلسے میں مجاہدین آزادی اور ان کے اہلِ خانہ کا اعزاز واکرام کیا گیا۔اس پروگرام میں مہاراشٹر کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل، ریاستی صدر نانا پٹولے، قانون ساز کونسل میں پارٹی کے رہنما اور وزیر محصولات بالا صاحب تھورات، سابق وزیراعلیٰ ایم ایل اے پرتھوی راج چوہان،خواتین واطفال کی فلاح وبہبود کی وزیر یشومتی ٹھاکر، وزیر مملکت ڈاکٹر وشواجیت کدم، وزیر مملکت ستیج بنٹی پاٹل، ریاستی ورکنگ صدر بسوراج پاٹل، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اورنائب انچارج سونل پٹیل، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکرٹری پرتھوی راج ساٹھے، ریاستی نائب صدر موہن جوشی، ریاستی جنرل سکریٹری و ترجمان اتل لونڈھے، سابق ایم ایل اے الہاس دادا پوار، مذکورہ بالا مہم کے کوآرڈینیٹر اور ریاستی جنرل سکریٹری ونایک دیشمکھ، ابھئے چھاجیڈ، ریاستی جنرل سکریٹری آبا دلوی، او بی سی شعبہ کے صدر بھانوداس مالی، ایم ایل اے وکرم ساونت، بالاصاحب کدم،ستارا ضلع کانگریس کمیٹی کے صدرڈاکٹر سریش جادھو اور ریاستی سکریٹری رنجیت سنگھ دیشمکھ وغیرہ موجود تھے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔