- اب مرکز میں بھی اقتدار کی تبدیلی طے ہے!: نانا پٹولے
-
ملک کی عوام کو کانگریس پارٹی، ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی موثر قیادت پر بھروسہ
-
گجرات میں شراب، پیسے اور سرکاری مشینری کاجم کر غلط استعمال ہوا
ممبئی: کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہوئے انتخابات کے نتائج کانگریس پارٹی کے لیے تسلی بخش ہیں۔ ہماچل پردیش میں کانگریس نے بی جے پی کو شکست دے کر فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ راجستھان اور چھتیس گڑھ اسمبلی ضمنی انتخابات میں بھی کانگریس کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔بی جے پی دہلی میونسپل کارپوریشن، ہماچل پردیش اور گجرات میں اقتدار پر قابض تھی لیکن اب وہ صرف گجرات میں ہی اقتدار برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ ان انتخابی نتائج کے ساتھ ہی بی جے پی کے لئے الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اوراب مرکز میں بھی اقتدار کی تبدیلی یقینی ہے۔
ہماچل پردیش اسمبلی اور ضمنی انتخابات میں کانگریس کی جیت کے بعد کانگریسی لیڈروں و کارکنوں نے دادر کے تلک بھون میں واقع پارٹی دفتر میں ڈھول، تاشے اور آتش بازی کے ساتھ مٹھائیاں تقسیم کرکے جشن منایا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ آج کے نتائج سے ملک کی سیاست کو ایک نئی سمت ملے گی۔بی جے پی نے ای ڈی، سی بی آئی، الیکشن کمیشن سمیت تمام سرکاری اور آئینی اداروں کا غلط استعمال کیا۔گجرات میں بڑی مقدار میں منشیات کی درآمد، موندرا بندرگاہ پر بھاری مقدار میں منشیات کی ضبطی، نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی نشے کی لت، خوف اور بدعنوانی کا دورہ دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں بی جے پی نے شراب، پیسہ اور سرکاری مشینری کا غلط استعمال کیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک ماہ تک گجرات میں ڈیرہ ڈالنا پڑا۔دوسری طرف بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی آبائی ریاست ہماچل پردیش میں کانگریس نے بی جے پی کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے کانگریس پارٹی کی قیادت، ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بی جے پی لیڈر ملک میں مودی لہر کے بارے میں بات کرکے الجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن ان نتائج بتادیا کہ اب ملک میں ایسی کوئی لہر نہیں ہے۔ بلکہ ملک کے عوام بی جے پی کی نفرت کی سیاست، گرتی ہوئی معیشت، مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں۔ یہ اسمبلی کے علاوہ دیگر انتخابی نتائج میں صاف نظر آتا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ عوام نے اپنے فیصلے سے اپوزیشن جماعتوں پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے اور اب کوئی بھی طاقت ملک میں اقتدار کی تبدیلی کو نہیں روک سکتی۔