وزیراعظم خاموش کیوں ہیں، جانچ کیوں نہیں کروارہے ہیں؟
اڈانی کے تعلق سے نئے انکشافات پر راہل گاندھی کا وزیراعظم پر سخت حملہ
کس طرح دو غیر ملکی شہری ہندوستان کی اسٹاک مارکیٹ میں مینیوپلیٹ کر رہے ہیں
چینی شہری کا کیا رول ہے اورکیا یہ قومی سلامتی کا معاملہ نہیں ہے؟
نئی دہلی:انڈیا الائنس کی دو روزہ میٹنگ میں شرکت کے لیے ممبئی پہنچے کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے اڈانی گروپ کے حوالے سے نئے انکشافات پر وزیر اعظم مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم اس معاملے کی تحقیقات کیوں نہیں کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا امیج داؤ پر لگا ہوا ہے، اس معاملے کی جے پی سی سے تحقیقات کرائی جائیں۔
پارٹی لیڈران کے سی وینوگوپال، جئے رام رمیش کے ساتھ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان G-20 کا میزبان ہے۔ مختلف ممالک سے لیڈر آرہے ہیں۔ آج صبح دنیا کے دو بڑے اخبارات نے ہندوستان کے وزیر اعظم اور ان کے صنعتکار دوست پر الزام لگایا ہے۔ اخبارات نے لکھا ہے کہ مودی جی کے قریبی اڈانی خاندان نے خفیہ طور پر اپنے شیئرز خریدے اور پھر اسے اسٹاک مارکیٹ میں لگا دیا۔ ایک ارب ڈالر اڈانی جی کی کمپنی کے نیٹ ورک کے ذریعے ہندوستان سے باہر گئے اور پھر واپس آگئے۔ پھر اسی پیسے سے اڈانی صاحب نے اپنے شیئر کی شرح بڑھا دی اور اب اس منافع سے ہندوستانی جائیدادیں خریدی جارہی ہیں۔ ان کے پاس اس کے ثبوت ہیں۔
راہل نے کہا کہ اس معاملے میں تین سوال اٹھتے ہیں۔ یہ پیسہ اڈانی صاحب کا ہے یا کسی اور کاہے؟ کسی اور کا ہے تو کس کاہے؟ اس کے پیچھے ماسٹر مائنڈ گوتم اڈانی کے بھائی ونود اڈانی ہیں۔ اس ہیرا پھیری میں دو غیر ملکی بھی ملوث ہیں۔ ایک کا نام ناصر علی شعبان اور دوسرا چینی شہری چانگ چونگ لنگ ہے۔ کس طرح دو غیر ملکی شہری ہندوستان کی اسٹاک مارکیٹ کو مینیوپلیٹ کر رہے ہیں۔ چین کے شہری کا کیا کردار ہے؟ اڈانی پورے ملک میں انفراسٹرکچر خرید رہے ہیں، بندرگاہوں اور دفاع کے شعبے میں کام کر رہے ہیں تو اس میں چینی شہری کیسے شامل ہوگئے؟ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ SEBI چیئرمین نے اس معاملے کی جانچ کی اور کلین چٹ دے دی، جس کے فوراً بعد وہی SEBI چیئرمین اڈانی کی کمپنی میں ڈائریکٹر بن گئے۔
راہل گاندھی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم مودی اس معاملے میں تحقیقات سے کیوں گریز کر رہے ہیں؟ وزیراعظم خاموش کیوں؟ اخبارات کہہ رہے وزیر اعظم مودی اور گوتم اڈانی کا رشتہ ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر وہ رشتہ کیا ہے؟ جانچ ایجنسیاں اس معاملے کی جانچ کیوں نہیں کر رہی ہیں؟راہل گاندھی نے کہا کہ یہ معاملہ ہندوستان کی شبیہ کو خراب کر رہا ہے۔ بھارت G20 کا میزبان ہے۔ اس سے پہلے کہ ہمارے مہمان ممالک سوال اٹھائیں، وزیر اعظم اس معاملے کو واضح کریں اور اس کی جانچ کے لیے جے پی سی تشکیل دیں۔