سیوادل کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی ہے: ناناپٹولے
فرقہ پرست وملک دشمن طاقتوں کو سیوادل ہی روک سکتا ہے
ممبئی: آزادی سے قبل ملک کی جوصورت حال تھی وہی آج بھی ہے ملک کی موجودحکومت نے آج اسے وہیں پہنچادیا ہے۔ ایسی صورت میں سیوادل کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ سیوادل نے ملک کو جوڑا ہے جبکہ کچھ طاقتیں ملک کو توڑ رہی ہیں۔ ان فرقہ پرست وملک دشمن طاقتوں کو سیوادل ہی روک سکتا ہے۔ ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو، سبھاش چندربوس، راجیوگاندھی بھی سیوادل کے صدرتھے۔ سیوادل کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اس لئے اس کو اگر ایک جانب ملک دشمن طاقتوں کوروکنا ہے تو دوسری جانب مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو ملک کے ہرفرد تک پہنچانے کی بھی ذمہ داری ہے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے کہی ہیں۔ وہ ریاستی سیوادل کی ایگزیکٹیو میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدرناناپٹولے نے کہا کہ ملک کی خدمت کے عہد کے ساتھ نرائن ہرڈیکر نے ناگپور میں سیوادل قائم کیا۔ کانگریس کے نظریات ہی ملک کی فلاح وبہبود کا ضامن ہے اور سیوادل نے اس نظریے کو ملک کے نچلے طبقے تک پہونچایا ہے۔ سیوادل نے ملک کو جوڑا ہے۔ انگریزوں کے خلاف سیوادل نے جدوجہد کیا اور اب ملک کو چلانے والے اقتدار کے خلاف جدوجہد کا وقت آگیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے اس ملک کی تعمیر وترقی کی بنیادرکھی۔ بڑے بڑے پروجیکٹ شروع کئے۔ اداروں کی تشکیل کی۔ لیکن نہرو نے کے قائم کئے ہوئے قوم کے سرمایوں کو فی الوقت ایک ایک کرکے فروخت کیا جارہا ہے۔ تاریخ کو مسخ کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔ ان طاقتوں کو روکنے کے لئے سیوادل کو نئے جوش وجذبے کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ مہاراشٹرمیں سیوادل اپنا کام کچھ اس طریقے سے کرے کہ اس کا اثر ملکی سطح پر رونما ہو۔
سیوادل کے ریاستی صدرولاس اوتاڈے نے کہا کہ سیوادل نے کورونا بحران کے دور میں لوگوں کی بھرپور مدد کی۔ اناج، کرانا کِٹ اورادویات لوگوں میں تقسیم کی۔ قدرتی آفات وسیلاب کے دوران بھی لوگوں کی مدد کے لئے سیوادل دوڑا۔ خون کی عطیات کے کیمپوں کا انعقادکیا۔ کسانوں کی حمایت میں دستخطی مہم چلانے کے لئے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے علاوہ سیوادل ملک مخالف طاقتوں کے خلاف بھی پوری طاقت سے کھڑا ہے اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا۔ ملک کے ہرطبقے اورہرفردتک کانگریس کے نظریات کو پہنچانے کی ذمہ داری سیوادل نہ صرف ادا کرتا رہا ہے بلکہ ملک دشمن طاقتوں کے خلاف لوگوں کو متحد بھی کرتا رہا ہے اوریہ سلسلہ آئندہ مزید جوش وخروش سے جاری رکھے گا۔
کانگریس کے صدردفتر تلک بھون میں منعقدہ اس میٹنگ میں کانگریس کے ریاستی صدر کے علاوہ ریاستی کارگزارصدر بسوراج پاٹل، ممبئی کانگریس کے صدر ایم ایل اے بھائی جگتاپ، سیوادل کے ریاستی صدرولاس اوتاڈے، سیوادل مہاراشٹر کے انچارج لال جی مشرا، آل انڈیا سیوادل کے کوآرڈنیٹر ومدھیہ پردیش کے انچارج کرشن کانت پانڈے، ریاستی ترجمان اتل لونڈھے اور دیوانند پواروغیرہ موجودتھے۔