MPCC Urdu News 30 April 23

جمہوریت میں ’من کی بات‘نہیں بلکہ ’جن کی بات‘ ہونی چاہئے: ناناپٹولے

کرناٹک میں مہنگائی، بیروزگاری، بینک لٹیروں، 40 فیصد کمیشن کی بدعنوان حکومت پر وزیر اعظم کب بولیں گے؟

مودی جی، ادھر ادھر کی باتیں نہ کیجئے، یہ بتائیے کہ اڈانی سے آپ کا کیا رشتہ ہے؟

ممبئی: بی جے پی حکومت نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’من کی بات‘ کا 100 واں ایپی سوڈ پورے ملک میں بڑے دھوم دھام سے منایا، لیکن اس پروگرام میں پی ایم مودی نے ملک کودرپیش مسائل میں سے ایک کا بھی ذکر نہیں کیا۔ وزیر اعظم نے مہنگائی، بیروزگاری، گرتی معیشت، چین کی دراندازی، بی جے پی ایم پی کے ذریعہ خواتین پہلوانوں کے جنسی استحصال، 40 فیصد کمیشن والی کرناٹک کی بدعنوان حکومت، بینک لٹیروں، کسانوں اور مزدوروں کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ جمہوریت میں ’من کی بات‘ نہیں بلکہ ’جن کی بات‘ ہونی چاہئے لیکن وزیراعظم من کی بات کو ہی اپنی سب سے بڑی حصولیابی سمجھ بیٹھے ہیں۔پی ایم مودی کے من کی بات پر یہ سخت تنقید مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام مہنگائی سے دوچار ہیں، ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پرپہنچ چکی ہے۔ چین نے سرحد پر بھارت کے خلاف دراندازی بڑھا دی ہے، لیکن پی ایم مودی میں ان مسائل پر بولنے کی ہمت نہیں ہے۔ عام لوگوں کے بینکوں سے کروڑوں روپے لے کر مودی کے دوست ملک سے فرار ہو گئے، لیکن وزیر اعظم نے اس پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ کرناٹک میں 40 فیصد کمیشن والی حکومت ہے، وزیر اعلیٰ کا عہدہ نیلام ہوتا ہے لیکن مودی ’مونی بابا‘ کی طرح خاموش ہیں۔ مودی کی ’من کی بات‘ صرف کانگریس کو کوسنے اور اپنی تعریف کرنے سے آگے نہیں بڑھتی ہے۔ ملک بھر میں بی جے پی کے وزراء،لیڈران اور عہدیدار اپنی مرضی کے خلاف مودی کے اس خود تعریفی پروگرام کو سننے پر مجبور ہیں۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک کے تمام اہم کاروباری پروجیکٹ اپنے صنعتکار دوست اڈانی کو دے دیے ہیں۔ مودی نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور ایل آئی سی کے کروڑوں روپے کو بھی اڈانی کی کمپنیوں میں ڈال دیا ہے۔ اڈانی کی کمپنیوں میں 20 ہزار کروڑ روپے کی بے نامی سرمایہ کاری ہے، لیکن مودی جی ان مسائل پر’من کی بات‘ نہیں کرنا چاہتے۔ ہمارا سیدھا سوال ہے کہ ”وزیراعظم کو ادھر ادھر کی بات کرنے کے بجائے یہ کیوں نہیں بتاتے کہ ان کا اڈانی سے کیا رشتہ ہے“۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading