MPCC Urdu News 3 April 24

ریاست میں 5 نیائے اور 25 گارنٹی اسکیم کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے کانگریس گھر گھر جائے گی: نانا پٹولے

انڈیا الائنس پر بڑھ رہا ہے لوگوں کا اعتماد، بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کا عہد

پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لیے سنجے نروپم کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی

تلک بھون میں کانگریس کی انتخابی کمیٹی اور رابطہ کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد

ممبئی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر اور پھر منی پور سے ممبئی تک اپنی پد یاترا کے دوران سماج کے تمام طبقات کے لوگوں سے براہ راست بات چیت کی۔ انہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہیں انصاف کی فراہمی کی ٹھوس ضمانت دی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی نے خواتین، نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں اور ملک کے ہر طبقے کے لوگوں کے لیے 5 نیائے اور 25 گارنٹیوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہم مہاراشٹر میں اپنے لیڈروں اور کارکنوں کے ذریعے ان گارنٹیوں کو گھر گھر پہنچائیں گے۔

کانگریس کی انتخابی کمیٹی اور رابطہ کمیٹی کی میٹنگ بدھ کو تلک بھون میں منعقد ہوئی۔ اس دوران لوک سبھا انتخابات کی مہم کی حکمت عملی طے کرنے کے علاوہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’گارنٹی‘ کا لفظ سب سے پہلے راہل گاندھی نے انتخابی مہم میں استعمال کیا تھا۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس کی طرف سے دی گئی گارنٹی پر عوام نے بھروسہ کیا اور اقتدار میں آنے کے بعد اس پر عمل درآمد بھی شروع ہو گیا ہے۔ تلنگانہ کے عوام نے بھی کانگریس کی گارنٹیوں پر یقین کیا۔ اب کانگریس نے ملک بھر میں عوام کے لیے 5 نیائے اور 25 گارنٹیوں کے ساتھ، کسانوں کے قرض معافی، ایم ایس پی قانون، جی ایس ٹی فری فارمنگ، نوجوانوں کے لیے 30 لاکھ آسامیاں بھرنے، پڑھے لکھے نوجوانوں کو تربیت دینے اور غریب خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ہم بی جے پی کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے اور کانگریس کی ضمانتیں عوام تک پہنچانے پر زور دیں گے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ کانگریس اب بھی بھیونڈی، سانگلی اور ممبئی میں سیٹوں پر زور دے رہی ہے۔ اس کے لیے ثالثی اور گفت و شنید کے ذریعے راستہ نکالا جائے گا۔ انڈیا الائنس کا عزم بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام اتحادیوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ عوام نے یہ الیکشن اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور انڈیا الائنس پر لوگوں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔ صحافیوں کے ذریعے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ سابق ایم پی سنجے نروپم کا نام اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں تھا لیکن انہوں نے پارٹی مخالف بیانات دیئے ہیں۔ ایسی صورت میں ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، پبلسٹی کمیٹی کے چیئرمین پرتھوی راج چوہان، قانون ساز کونسل میں گروپ لیڈر ستیج بنٹی پاٹل، گوا کے انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، سابق وزیر اسلم شیخ، ریاستی نائب صدر نانا گاوندے، چیف ترجمان اتل لونڈھے سمیت کانگریس پارٹی کے دیگر لیڈران اور کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading