ملک میں فی الوقت مہنگائی، مایوسی وبے چینی کی لہر: پون کھیرا

  1. عوام کے اہم مسائل سے مودی سرکار کی عدم توجہی، صرف ایوینٹ مینجمنٹ ہورہا ہے
  2. دہلی کے رام لیلا میدان میں 4 ستمبر کو مہنگائی کے خلاف کانگریس کی مہاریلی

ممبئی: ملک کا آج سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے اور مودی حکومت مہنگائی کم کرنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی گیس سمیت کئی ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں۔ اسی صورت میں جبکہ لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں، مودی حکومت عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے مذہبی مسائل کوہوا دے رہی ہے۔ملک میں فی الوقت کسی کی لہر نہ ہوتے ہوئے صرف مہنگائی، مایوسی وبے چینی کی لہر ہے۔ یہ سخت تنقید آج یہاں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے صدر پون کھیرا نے کی ہے۔

گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پون کھیرا نے کہا کہ مرکزی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہے اور حکومت کے پاس اس کا کوئی جواب بھی نہیں ہے۔ حکومت مہنگائی کے مسئلہ پر بات کرنے سے ڈرتی ہے۔ مہنگائی سے متعلق مرکزی حکومت کے دعوے پوری طرح سے جھوٹے اورگمراہ کن ہیں۔ اگر ہم یو پی اے حکومت اور این ڈی اے حکومت کے دورکی قیمتوں کا موازنہ کریں تو صاف طو رپر دیکھ سکتے ہیں کہ مودی حکومت میں مہنگائی کتنی بڑھی ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دوران ایس پی جی سلنڈر 410 روپے میں دستیاب تھا، آج یہ 1053 روپے ہے، جو 156 فیصد کا اضافہ ہے۔بین الاقوامی بازار میں جب خام تیل کی قیمت 107ڈالرتھا توبھی یو پی اے حکومت نے پٹرول کی قیمت کو 75 روپے سے اوپر نہیں جانے دیا تھا۔ آج خام تیل کی قیمت 97 ڈالر ہونے کے باوجود پیٹرول 106 روپے اور ڈیزل 97 روپے فی لیٹر ہے۔گھریلو گیس کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے اجوالا گیس کنیکشن لینے والوں کو دوسرا سلنڈرخریدنا مشکل ہورہا ہے۔

پون کھیرا نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا یہ دعویٰ کہ کووڈ کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے بالکل غلط ہے۔نریندرمودی جو سینہ ٹھونک کر کہتے تھے کہ دودھ، دہی، آٹا، پنیر پر جی ایس ٹی نہیں لگائیں گے، اب ان اشیاء پر جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔نوٹ بندی سے کیا حاصل کیا؟ یہ بی جے پی خود بھی نہیں جان سکی۔ جی ایس ٹی لاگو کرتے وقت آدھی رات کو ایک بڑا ایوینٹ کیا۔ مودی صرف ایونٹ مینجمنٹ ہی بہتر کرسکتے ہیں۔

پون کھیرا نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں اور کانگریس پارٹی اس مسئلہ پر کئی بار سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر چکی ہے۔ پارلیمنٹ میں بھی مودی حکومت سے مہنگائی کے تعلق سے جواب طلب کیا گیا لیکن مودی پارلیمنٹ میں آتے ہی نہیں۔ کانگریس پارٹی عوام کے مسائل کو مسلسل اٹھا رہی ہے۔عوام کے مسائل سے آنکھیں موندکر سورہی مودی حکومت کو بیدار کرنے کے لیے کانگریس پارٹی نے مہنگائی کے مسئلہ پر 4 ستمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا ہے۔

اس پریس کانفرنس میں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان اتل لونڈھے، ممبئی کانگریس کے کارگزار صدر چرنجیت سنگھ سپرا، ریاستی جنرل سکریٹری ڈاکٹر راجو واگھمارے، سنیل آہیرے اور یوراج موہتے موجود تھے۔