ممبئی: ریاست کے 12 سے 13 اضلاع میں ابھی تک بارش نہیں ہوئی ہے۔ کسان بارش کا انتظار کر رہے ہیں، لیکن اسمبلی میں صرف کھوکھلے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ مہایوتی حکومت کے بجٹ میں کس محکمے کو کتنی رقم دی جائے گی اس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ ریاست کی تاریخ کا یہ پہلا بجٹ ہے جس میں زراعت، آبپاشی، سماجی انصاف اور رہائش کے لیے محکمہ وار فنڈز کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں شک ہے کہ حکومت کے ان کھوکھلے اعلانات پر کتنا عمل ہو گا۔
ریاست کی مہایوتی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کسانوں کے لئے بجلی کے بلوں کو معاف کرنے کا حکومت کا اعلان ایک دھوکہ ہے۔ کسانوں کے بجلی کے بلوں کے واجبات کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں ہے۔ ایسے میں بجلی کی معافی کا اعلان دھوکےکے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی اور مہا وکاس اگھاڑی میں شامل دیگر پارٹیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ تلنگانہ کی طرح مہاراشٹرا میں بھی کسانوں کو مکمل قرض معافی دی جائے لیکن حکومت نے اس کو نظر انداز کرتے ہوئے کسانوں کو صرف جھوٹادلاسہ دیا ہے۔ اس بجٹ میں سرکاری بھرتیوں کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ ریاستی حکومت کے مختلف محکموں میں ہزاروں عہدے خالی ہیں لیکن حکومت کے پاس انہیں بھرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہاں تک کہ عہدوں پر ایم پی ایس سی کے ذریعے بھرتی بھی نہیں ہو رہی ہے۔
ناناپٹولے نے کہا کہ آن لائن بھرتی کے نام پر صرف نوجوانوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ حالانکہ خواتین کو ماہانہ 1500 روپے دینے کا اعلان کیاگیا ہے لیکن اس مہنگائی میں 1500 روپے سے کیا ہو گا؟ ریاستی وزیر خزانہ اجیت پوار نے خواتین کو 8500 روپے دینے کے کانگریس پارٹی کے وعدے کی نقل کی ہے لیکن وہ اس کی ٹھیک سے نقل بھی نہیں کر سکے۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت 1500 روپے ماہانہ کا اعلان کر کے 7000 روپے کمیشن اپنی جیب میں ڈالنے جا رہی ہے کیونکہ یہ حکومت 60 فیصد کمیشن پر چل رہی ہے۔
ریاستی کانگریس کے صدر نے مزید کہا کہ مہاراشٹر پر 7 لاکھ کروڑ روپے کا قرض ہے۔ ریاست فی کس آمدنی کے معاملے میں چھٹے نمبر پر ہے۔ فی کس آمدنی اور برآمدات کے لحاظ سے گجرات کے بعد مہاراشٹر کا نمبر ہے۔ جب ریاست کی حالت اس قدر قابل رحم ہے تو پھر مہایوتی حکومت عوام کو ایسے سنہرے خواب کیوں دکھا رہی ہے۔
گیس، پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس لگا کر 10 سال تک عوام کو لوٹا گیا اور اسمبلی انتخابات سے قبل پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی کا ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔ انتخابات سے قبل صرف اعلانات ہوئے ہیں لیکن عمل درآمد صفر رہے گا۔ نانا پٹولے نے کہا کہ عوام نے لوک سبھا انتخابات میں مہایوتی کو شکست دی۔ اب چار ماہ بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے مہایوتی حکومت نے اعلانات کیے ہیں، لیکن ریاست کے عوام ان کے جال میں نہیں آئیں گے۔