MPCC Urdu News 26 Nov 23

اگربی جے پی دوبارہ اقتدار میں آئی توعام لوگوں کی حقِ رائے دہی بھی خطرے میں پڑسکتی ہے: ناناپٹولے

جب تک آئین برقرار رہے گا آر ایس ایس کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہوگا :کے راجو

ڈاکٹر بابا صاحب کے آئین کو پورے ملک میں پھیلانے کی مہم سال بھر چلے گی : راجیش للوٹھیا

یوم آئین کے موقع پر کانگریس کی جانب سے آئین کی ایک لاکھ کاپیوں کی تقسیم کا آغاز

ممبئی:ملک کے ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق ہونا چاہیے۔ یہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا موقف تھا لیکن کچھ لوگوں نے اس کی مخالفت بھی کی۔ ان لوگوں کی رائے تھی کہ صرف ٹیکس ادا کرنے والوں کو ہی ووٹنگ کا حق ہونا چاہیے، لیکن ڈاکٹر امبیڈکر نے اسے سختی سے مسترد کر دیا اور عام لوگوں کو ووٹ دینے کا اختیار دیا۔ جب تک کانگریس اقتدار میں تھی، آئین کو برقرار رکھا گیا، لیکن گزشتہ ساڑھے نو برسوں میں آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ 2024 کے بعد اگربی جے پی اقتدار میں آئی تو عام لوگوں کی حقِ رائے دہی (ووٹنگ کا حق) بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ یہ خدشہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے ظاہر کیا ہے۔

مہاراشٹر پردیش وممبئی کانگریس کمیٹی کی شیڈول کاسٹ شعبے نے کل(اتوار) دادر کے بی این ویدھ آڈیٹوریم میں یوم آئین کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر آئین کی ایک لاکھ کاپیوں کی تقسیم کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی ایس سی، ایس ٹی، او بی سی، اقلیتی شعبے کے کوآرڈینیٹر کے راجو، آل انڈیا کانگریس کمیٹی ایس سی شعبے کے صدر راجیش للوٹھیا، ممبئی کانگریس کی صدر اور سابق وزیر ورشا گائیکواڑ، ریاستی کانگریس کے ایس سی شعبے کے صدر سدھارتھ ہٹی آمبیرے، کچرو یادو، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری دیوآنند پوار،ریاستی ترجمان راجو واگھمارے، ڈاکٹر نام دیو اسنڈی، اجنتا یادو، مدن جادھو سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔

کانگریس کے ریاستی صدر پٹولے نے اس موقع پر تمام لوگوں کو یومِ آئین کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جمہوریت کے چاروں ستونوں کو کمزور کر دیا ہے، لیکن کانگریس نے اپنے اقتدار کے دوران ان کی آزادی کو برقرار رکھا۔ بی جے پی حکومت نے میڈیا کی آزادی چھین لی ہے، انتظامی نظام بھی خطرے میں ہے۔ اعلیٰ افسران کا انتخاب یو پی ایس سی کے ذریعے کیا جاتا تھا لیکن اب بی جے پی حکومت آر ایس ایس کی نظریات رکھنے والوں کو براہ راست جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر تعینات کر رہی ہے۔ عدلیہ کے نظام میں بھی مداخلت کی جا رہی ہے۔ مرکزی حکومت ججوں کی تقرری میں من مانی کر رہی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکرکے سماجی انصاف کے رتھ کوپیچھے کی سمت چلارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہمیں آئین کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہو گا۔پٹولے نے کہا کہ کل تک کچھ صنعتوں کی نجکاری کی جارہی تھی لیکن اب ضلع پریشد اسکولوں کی بھی نجکاری شروع کردی گئی ہے۔ بی جے پی حکومت غریبوں کے بچوں کو تعلیم کے حق سے محروم کر رہی ہے۔ یہ بی جے پی حکومت کی عام لوگوں کو غلام بنانے کی سازش ہے۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ایس سی، ایس ٹی، او بی سی و اقلیتی شعبے کے کوآرڈینیٹرکے راجو نے کہا کہ آج ملک کا آئین خطرے میں ہے اور اسے بچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ آج ہی کے دن ملک نے آئین کو اپنایا لیکن آر ایس ایس نے اسے قبول نہیں کیا اور اس کی مخالفت کی۔ آج بھی آر ایس ایس اور بی جے پی آئین کو ختم کرنے کی سازش میں لگی ہوئی ہیں لیکن اس ملک میں جب تک آئین قائم رہے گا، آر ایس ایس کا ہندو راشٹرا ایجنڈا کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جمہوریت کے خود مختار اداروں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بی جے پی کے اس ایجنڈے کو شکست دینے کے لیے متحدہوکر کام کریں۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ایس سی شعبے کے صدر راجیش للوٹھیا نے کہا کہ بی جے پی آئین کو کمزور کر رہی ہے۔ ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر نے خواتین اور پسماندہ طبقات کو جینے کا مساوی حق دیا لیکن ان سے اس حق کو چھینا جارہا ہے۔ کانگریس کے ایس سی شعبے کی جانب سے آئین کی ایک لاکھ کاپیاں تقسیم کرنے کا پروگرام آج ممبئی سے شروع ہوا ہے۔ اگلے سال تک آئین کو ہر گھر تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کو بچانے کی اس جدوجہد میں سب کو حصہ لینا چاہئے اور ہمارے لیڈر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کو اس لڑائی میں طاقت فراہم کرنی چاہئے۔

ممبئی کانگریس کی صدرو سابق وزیر ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ 2014 سے ملک میں ایک نیا رول تجویز کیا جا رہا ہے۔ ترنگا اور آزادی کا احترام نہ کرنے والوں کو آج بدقسمتی سے احترام مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک آئین سے چلتا ہے اور آئین جمہوریت کی روح ہے۔ لیکن آر ایس ایس اور اس کی ذیلی تنظیموں کا موقف ہے کہ جس طرح ہم اپنے کپڑے بدلتے ہیں اسی طرح ملک کے آئین کو بھی بدلنا چاہیے۔ ورشاگائیکواڑ نے کہا کہ ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو آپس میں لڑانے والی بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لیے آئین کو ہر گھر تک پہنچانا ہوگا اور کانگریس پارٹی آئین کو ہر گھر تک پہنچائے گی۔

آئین کی ایک لاکھ کاپیوں کی تقسیم کے افتتاح کے پیشِ نظر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے مبارکبادی پیغامات بھیجے۔ پروگرام کی نظامت سدھارتھ ہتی آمبیرے اور کچرو یادو نے کیا۔پروگرام کی ابتداء میں 26/11 کے دہشت گرد حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا نیز تمام شرکاء نے اجتماعی طور پر آئین کی تمہید پڑھی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading