بلدیاتی انتخابات سے قبل بوتھ کمیٹیاں مضبوط کریں
ایوت محل وچندرپور ضلع کی جائزہ میٹنگ میں ناناپٹولے کی ہدایت
ممبئی: 26فروری2021
کانگریس پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے تمام کارکنان کو ہر ایک تک کانگریس کے نظریات کو پہونچانے اور بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر بھرپور تیاریوں کے ساتھ کا میں لگ جائیں۔ اپنی بوتھ کمیٹیوں کو مزید مضبوط کریں، کامیابی آپ کی ہی ہوگی سامنے چاہے جتنا ہی مضبوط امیدوار کیوں نہ ہو۔ یہ ہدایت آج یہاں ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے ایوت محل وچندرپور ضلع کانگریس کمیٹی کی جائزہ میٹنگ میں پارٹی کے عہدیداران وکارکنان کو دی ہے۔
یہ جائزہ میٹنگ ممبئی کانگریس کے آفس واقع راجیوگاندھی بھون میں منعقد ہوئی جس میں ریاستی کانگریس کے کارگزار صد شیواجی راؤ میگھے، عارف نسیم خان، ایم ایل اے کنال پاٹل، سابق ریاستی صدر مانک راؤ ٹھاکرے، ریاستی نائب صدر حسین دلوائی، موہن جوشی، خواتین ونگ کی صدر سندھیا سوالاکھے، سابق وزیر وسنت پورکے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری آشیش دووا، ایم ایل اے وجاہت مرزا، ایم ایل اے پرتبھا دھانورکر، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت، ترجمان ڈاکٹر راجو واگھمارے، ڈاکٹر سنجئے لاکھے پاٹل اور دیوانند پوار موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے قیام کے بعد سے کئی فلاحی اسکیمیں نافذ ہوئی ہیں۔ کسانوں کے مفادکے تحت فیصلہ کرتے ہوئے مہاتماپھلے کسان قرض معافی اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ ژالہ باری کے نقصانات کے ازالے کے لیے 10ہزار کروڑ روپئے کی مدد دی گئی۔ سابقہ بی جے پی حکومت نے جتنی مدد کی تھی، اس سے زائد مدد محض ایک سال میں دی گئی ہے۔ حکومت کے بہتر طریقہ کار نیز عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کیے جانے والے کاموں سے ہرسطح پر لوگوں کو واقف کرایا جانا چاہیے۔
ناناپٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات ومذاہب کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے والی اور ہرکسی کی فلاح وبہبود کے لیے پابندعہد پارٹی ہے۔ کانگریس کے نظریات کی بنیاد پر ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ نریندر مودی کی ہوا اب ختم ہوچکی ہے اور کانگریس کے نہایت سازگار ماحول ہے۔ناگپور میں 55سالوں کا بی جے پی کا قلعہ ودھان پریشد کے انتخابات میں کانگریس نے فتح کرلیا۔ پونے کی سیٹ بھی کانگریس نے جیتی جو روایتی طور پر بی جے پی کی تھی۔گرام پنچایت انتخابات میں بھی کانگریس کو بہترین کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے اس اعتماد کو قائم رکھتے ہوئے مزید طاقت وتوانائی کے ساتھ کام میں لگ جانا چاہیے۔ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کا راستہ بہت آسان ہوجائے گا۔