• 425
    Shares

مرکز کی مودی حکومت کی وجہ سے سویابین کی قیمت گھٹی ہے:ناناپٹولے

ملک میں ایک بار پھر سونیا گاندھی کا دن آئے گا: بالاصاحب تھورات

وردھا:مرکز کی مودی حکومت کسان مخالف ہے اور اس کی کسان مخالف پالیسیوں کی وجہ سے سویابین کی قیمت نہایت کم ہوگئی ہے۔ ملک میں سویابین کی بھرپور فصل ہوئی اور کسانوں کو اس کی مناسب قیمت ملنے کی امید پیدا ہوئی تھی کہ مرکزی حکومت نے غیرممالک سے سویابین درآمد کرنا شروع کردیا۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے بازار میں سویابین کی قیمت کوڑیوں تک نیچے گرگئی جس سے کسانوں کو زبردست نقصان ہورہا ہے۔ یہ باتیں آج یہاں ریاستی کانگریس کے صدرناناپٹولے نے کہیں۔ وہ یہاں اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر پرمود شندے کے مجسمے کی نقاب کشائی کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پرمودشندے کسانوں، مزدوروں وغریبوں کے مسائل اٹھاکر انہیں انصاف دلانے کی کوشش کرتے رہے۔ آج اگر وہ زندہ ہوتے تو کپاس وسویابین کی زمین چھورہی قیمتوں پر حکومت سے ضرور سوال کرتے۔ ان کی ہمیشہ یہی کوشش رہی کہ کسانوں کو نقصان نہ ہو۔ وہ مہاتماگاندھی، ونوبابھاوے وسنت گاڈگے کے نظریات عمل پیرا رہے، ان کی خدمات ہمارے لئے ہمیشہ تحریک کا باعث رہے گی۔

اس موقع پروزیر محصول بالا صاحب تھورات نے پرمودشندے کے محاسن بیان کرنے کے بعد کہا کہ آج ملک میں آئین کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے اور اسے توڑا جارہا ہے۔آئینی اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیاجارہا ہے۔دہلی کی سرحد پر گزشتہ ایک سال سے کسانوں کا احتجاج جاری ہے لیکن وزیر اعظم کے پاس ان کی طرف دیکھنے کا وقت نہیں ہے۔ کانگریس نے اپنے دورِ حکومت میں ملک کی تعمیر وترقی کے لیے جو بنایا تھا وہ سب آج فروخت کئے جارہے ہیں۔ یہ سب دیکھتے ہوئے اگر ہم بے چین نہیں ہورہے ہیں تو آنے والا وقت اس ملک کے لیے بہت دشوار کن ہوگا۔ آج مذہب کے نام پر منافرت پھیلاکر سیاسی مفاد حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہمیں اس صورت حال کو تبدیل کرنا ہوگا اور اس کے لیے ہمیں نئے سرے سے پوری قوت کے ساتھ اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ ملک میں آنے والا کل سونیاگاندھی کا ہوگا۔

اس پروگرام سے نگراں وزیر سنیل کیدار وخواتین واطفال بہبود کی وزیر یشومتی ٹھاکر نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق وزیر رنجیت کامبلے، سابق وزیر انیس احمد، ایم ایل اے ابھیجت ونجاری، سابق ایم ایل اے امر کالے، شیکھر شندے، اشوک شندے، سریش دیشمکھ،ریاستی کانگریس جنرل سکریٹری رام کشن اوجھا، وردھا ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر منوج چاندورکر و ضلع کانگریس کے دیگر عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔