مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو کابینہ سے برطرف کیا جائے۔
ریاستی کانگریس نے ‘ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سمّان مورچہ’ کا انعقاد کیا۔
ممبئی: بی جے پی کے رہنماؤں کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آئین کے معمار، بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کی ہے، جس پر پورے ملک میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کے معاملے میں امیت شاہ قوم سے معافی مانگیں اور انہیں کابینہ سے برطرف کیا جائے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے منگل کو مختلف اضلاع میں ‘بابا صاحب امبیڈکر سمّان مورچہ’ نکال کر بی جے پی اور امیت شاہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔
لاتور میں سابق وزیر اور رکن اسمبلی امیت ولاس راؤ دیشمکھ اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شواجی کالگے کی قیادت میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر پارک سے کلکٹر آفس تک ایک موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی اور کلکٹر کو ایک میمورنڈم پیش کیا گیا۔ نانڈیڑ میں شہر اور ضلع کانگریس کمیٹی نے رکن پارلیمنٹ رویندر وسنت راؤ چوہان اور ضلع صدر بی آر قدم کی رہنمائی میں مظاہرہ کیا۔ شہر صدر عبد الستار بھی اس مظاہرے میں شامل ہوئے۔
چندر پور میں رکن پارلیمنٹ پرتبھا تائی دھانوکر کی قیادت میں احتجاج کیا گیا، جس میں سابق رکن اسمبلی اور ضلع صدر سوبھاش دھوٹے سمیت اہم رہنما اور عہدیداران شامل ہوئے۔ مظاہرین نے بی جے پی اور امیت شاہ کے خلاف نعرے بلند کیے۔ امراوتی میں ضلع صدر ببلو شیکھاوت، سابق میئر ولاس انگولے، ملند چیموٹے، ریاستی نائب صدر بھیا پوار، اور ریاستی جنرل سیکرٹری کشور بورکر سمیت ہزاروں کارکنان مارچ میں شریک ہوئے۔
اکولا میٹروپولیٹن کانگریس نے امیت شاہ کے خلاف کلکٹر آفس تک مارچ نکالا۔ اس احتجاج کی قیادت اکولا مغربی رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر پرشانت وانکھیڑے، سابق رکن اسمبلی ببن راؤ چودھری، پرکاش تائڑے، اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ بلڈھانہ ضلع کانگریس کمیٹی نے بھی امیت شاہ کے خلاف کلکٹر کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس موقع پر سینئر رہنما لکشمن راؤ گھومرے، ایڈوکیٹ بابا صاحب بھونڈے، پروفیسر سنتوش امبیکر، اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ پالگھر میں بھی کانگریس نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے احترام میں ایک مارچ نکالا اور بی جے پی و امیت شاہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کے خلاف شروع کیا گیا یہ احتجاج جاری رہے گا۔ جالنا میں جمعہ کے روز ایک بڑا احتجاج منعقد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع ضلع صدر راجا بھاؤ دیشمکھ اور سابق رکن اسمبلی کیلاش گورنتیال نے ایک پریس کانفرنس میں دی۔