MPCC Urdu News 22 November 25

بی جے پی مہایوتی کی غنڈہ گردی، بدعنوانی اور بگڑے ہوئے سیاسی کلچر کو مٹائیں: ہرش وردھن سپکال

امیدواروں سے نام واپس لینے کیلئے دباؤ و دھمکی کے ہتھکنڈے اختیار کیے جا رہے ہیں، حکمران اتحاد نے جمہوریت کو داغ دار کر دیا

ممبئی: مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات کے دوران حکمران بی جے پی مہایوتی کی جانب سے جس سطح کی غنڈہ گردی، دھمکی اور حریف امیدواروں پر دباؤ کی کارروائیاں سامنے آئی ہیں، اس نے ریاست میں جمہوریت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ نامزدگی واپس لینے کے لئے امیدواروں کو دھمکیاں دینا، انہیں زبردستی روکے رکھنا اور حبسِ بے جا میں رکھنا حکمران اتحاد کے اسی بگڑے ہوئے سیاسی رویے کا حصہ ہے جس نے پورے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ یہی بی جے پی ہے جو بہار میں جنگل راج کا طعنہ دیتی تھی، مگر مہاراشٹر میں اسی کی مہایوتی حکومت نے کھلے عام سیاسی جنگل راج کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ عوام اس غنڈہ گردی، بدعنوانی اور اخلاقی پستی سے بھرے سیاسی چلن کو مٹی میں ملا دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ بیڑ ضلع میں حکمران جماعت نے حد سے بڑھ کر ماحول خراب کیا ہے اور ان کی غنڈہ گردی نے ضلع کی ساکھ کو مسخ کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بگڑی ہوئی فضا اب ختم ہونی چاہیے، کیونکہ کانگریس اس انتخاب میں پوری طاقت کے ساتھ میدان میں ہے، جبکہ مہایوتی کے خود اندرونی اختلافات اس سطح پر پہنچ چکے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف برسرِپیکار ہیں۔ سپکال نے کہا کہ ٹریپل انجن حکومت میں گروہی تصادم نے سرکاری مشینری کو کمزور کر دیا ہے اور عوام کے دلوں میں حکمران اتحاد کے خلاف شدید غصہ پیدا ہو چکا ہے۔ کانگریس کے کارکن بھرپور جوش کے ساتھ مہم چلا رہے ہیں اور مرہٹھواڑہ سمیت بیڑ میں بھی بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

جعلی ووٹر لسٹوں کے سوال پر سپکال نے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے اثر میں آ کر کام کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ووٹر لسٹوں میں بے شمار بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جنہیں راہل گاندھی نے ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ دکھایا ہے، مگر ریاستی الیکشن کمیشن نے اس سنگین مسئلے کو نظر انداز کر کے اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کی ہے، جو نہایت تشویشناک ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر شرد پوار کے اتحاد سے متعلق بیان پر گفتگو کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ پوار صاحب نے اپنی رائے رکھی ہے، مگر یہ فیصلہ کہ ممبئی میں کس سے اتحاد کرنا ہے، صرف اور صرف ممبئی کانگریس ہی کرے گی۔

ریاستی انتخابی مہم کے سلسلے میں ہرش وردھن سپکال نے جمعہ کے روز بیڑ، پربھنی اور جالنہ اضلاع میں جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے پرلی، پاتھری، سیلو اور پرتور میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ان جلسوں میں سابق وزیر اشوک پاٹل، سابق ایم ایل اے اور پربھنی ضلع صدر بابا جانی دررانی، سابق رکنِ پارلیمنٹ تکارام رینگے پاٹل، ریاستی نائب صدر سدھارتھ ہتھی امبیرے، بیڑ ضلع صدر راہل سوناونے، شہر صدر بہادر بھائی، تعلقہ صدر پرکاش منڈے، پرکاش دیشمکھ سمیت متعدد لیڈران شریک رہے۔

MPCC Urdu News 22 November 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading