MPCC Urdu News 22 August 25

کسان بھائیو! خودکشی نہ کرو

کسان مرجائیں تو بھی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا: ہرش وردھن سپکال

کیا دیویندر فڑنویس، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کے ہاتھ کسان قرض معافی کی فائل پر دستخط کرتے وقت مفلوج ہو جاتے ہیں؟

کتنے کسانوں کی جانیں لینے کے بعد قرض معافی کا صحیح وقت آئے گا؟

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ ریاست میں روزانہ ۶ کسان خودکشی کر رہے ہیں لیکن بی جے پی یوتی کی حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ اس حکومت کی صرف کھال موٹی نہیں ہے بلکہ یہ اندھی، گونگی اور بہری بھی ہے۔ کسانوں کے دکھ درد کے مقابلے میں اس حکومت کو صرف بدعنوانی اور سرمایہ داروں کی فکر ہے۔ سپکال نے سخت سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اڈانی اور امبانی کی فائلوں پر فوراً دستخط کرنے والے دیویندر فڑنویس، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کے ہاتھ کسانوں کی قرض معافی کی فائل پر آتے ہی مفلوج کیوں ہو جاتے ہیں؟

سپکال نے کسانوں کے مسئلے پر حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احمد نگر کے نیواسا تعلقہ کے کسان بابا صاحب سُبھاش سروڈے نے قرض کے بوجھ سے تنگ آ کر خودکشی کرلی۔ خودکشی سے پہلے اپنے موبائل میں بنائے گئے ویڈیو میں سروڈے نے کہا ہے کہ قرض معافی ہوگی اور میں قرض سے آزاد ہو جاؤں گا، اسی امید پر زندہ تھا۔ لیکن اس حکومت میں غریب کسانوں کے لیے کچھ نہیں ہے، اسی لیے مجھے خودکشی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ یہ سن کر دل دہل جاتا ہے، لیکن فڑنویس، شندے اور اجیت پوار کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ آج بھی وہ ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ صحیح وقت پر کسان قرض معافی کریں گے لیکن سوال یہ ہے کہ یہ صحیح وقت کب آئے گا اور کتنے کسانوں کی قربانی کے بعد؟

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بابا صاحب سروڈے جیسے کسان روز اپنی زندگی ختم کر رہے ہیں۔ مائی باپ حکومت کی مدد کی امید پر زندہ رہنے والے غریب کسان کو بی جے پی یوتی حکومت نے دھوکہ دیا ہے۔ کسان بیج، کھاد، ڈیزل اور دیگر زرعی ضروریات کے مہنگے ہونے سے پریشان ہیں، فصل کو مناسب قیمت نہیں ملتی اور قدرت بھی ساتھ نہیں دیتی۔ اوپر سے سالانہ چھ ہزار روپے تھما کر حکومت ڈھنڈورا پیٹتی ہے کہ کسانوں کے لیے بہت کچھ کر دیا، حالانکہ یہ حکومت صرف عیش و عشرت اور مال کمانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کسانوں سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس بے حس حکومت کے بھروسے مت رہو، خودکشی مت کرو۔ اپنے بچوں اور خاندان کا خیال کرو، کیونکہ یہی اصل ذمہ داری ہے۔

MPCC Urdu News 22 August 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading