ایم وی اے میں سیٹوں کی تقسیم فائنل، دو دن میں فیصلہ: نانا پٹولے
بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے اسی لیے مہاراشٹر میں 5 مرحلوں میں ووٹنگ
دس سال تک ملک کو برباد کرنے والی بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہی ایم وی اے کا مقصد ہے
ممبئی: مہاوکاس اگھاڑی کی سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ ونچیت بہوجن اگھاڑی، سماج وادی پارٹی، سی پی آئی (ایم) جیسی اتحادی جماعتوں کے ساتھ بھی بات چیت ہو چکی ہے جبکہ ونچیت کے ساتھ آج بھی بات چیت ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی کے امیدوار تقریباً طے ہو چکے ہیں۔ تمام اتحادی پارٹیوں سے بات چیت کے بعد دو تین دنوں میں سیٹوں کی تقسیم اور ایم وی اے کے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔ وہ پارٹی صدر دفتر تلک بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔
اس موقع پر نانا پٹولے نے کہا کہ آج صبح نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ اس بات چیت میں کانگریس کی طرف سے میں اور شیو سینا کی جانب سے ایم پی سنجے راؤت موجود تھے۔ این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے ونچیت بہوجن اگھاڑی سے بات چیت کی ہے۔ اس بات چیت میں سیٹوں کی تقسیم کے ساتھ ساتھ انتخابی مہم اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاست کی تمام 48 سیٹوں پر مہاوکاس اگھاڑی الیکشن لڑ رہی ہے۔ تمام اتحادی پارٹیوں سے بات چیت کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ بات چیت کے بعد کچھ نشستوں کا تبادلہ ہوسکتا ہے اور اس پر دو دن میں فیصلہ کیا جائے گا۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 10 سالوں میں ملک کو برباد کر دیا ہے۔ جمہوریت اور آئین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ہمارا مقصد ایم وی اے کو مضبوط کرتے ہوئے ظالم بی جے پی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ کانگریس اس شیطانی طاقت کے خلاف لڑ رہی ہے جس کا ذکر راہل گاندھی نے کیا تھا۔ لیکن چونکہ بی جے پی کے پاس کوئی موضوع نہیں ہے، اس لیے اس نے لفظ ’شکتی‘ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔ جب منی پور میں خواتین پر ظلم ہو رہا ہے، جب پورے ملک میں خواتین پر ظلم ہو رہا ہے، تب بی جے پی اور مودی کو ناری شکتی کیوں یاد نہیں آئی؟
ناناپٹولے نے کہا کہ گجرات میں پولنگ سنگل فیز میں ہو رہی ہے جبکہ مہاراشٹر میں پانچ مرحلوں میں پولنگ کرائی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر میں اس کی ضرورت نہیں تھی، لیکن چونکہ بی جے پی بری طرح خوفزدہ ہے اس لیے مہاراشٹر میں پانچ مرحلوں میں پولنگ ہو رہی ہے۔ لوک سبھا الیکشن لڑنے کے سوال پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ میں کانگریس پارٹی کا ایک سپاہی ہوں، پارٹی مجھے جو حکم دے گی میں اس پر لبیک کہوں گا۔ نانا پٹولے نے یہ بھی بتایا کہ پارٹی کے حکم کے تحت ہی نہوں نے 2019 میں ناگپور لوک سبھا الیکشن لڑا تھا۔ اس پریس کانفرنس میں ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، ریاستی ترجمان بھرت سنگھ وغیرہ موجود تھے۔