بالاصاحب تھورات کے بال کو بھی چھونے کی ہمت گوڈسے کی اولادوں میں نہیں: ہرش وردھن سپکال
ممبئی: کانگریس کے سینئر لیڈر بالاصاحب تھورات کو حال ہی میں ملی دھمکی پر مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تھورات مہاتما گاندھی کے اصولوں پر چلنے والے رہنما ہیں اور گوڈسے کی اولادوں میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ ان کے بال کو بھی نقصان پہنچا سکیں۔ گرجنے والے بادل برستے نہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر بالاصاحب تھورات کو دی جانے والی دھمکی بی جے پی کے دوہرے رویے کو ظاہر کرتی ہے۔ سپکال نے کہا کہ ’منہ میں رام، بغل میں چھری‘ یہی بی جے پی کا طریقۂ کار ہے۔ ناتھو رام گوڈسے نے بھی مہاتما گاندھی کو قتل کرنے سے پہلے ان کے قدموں میں گر کر عقیدت ظاہر کی تھی اور پھر تین گولیاں مار کر ان کا قتل کیا تھا۔ آج بھی بی جے پی گوڈسے کی اولادوں کو پناہ اور سرپرستی دے رہی ہے اور یہ حقیقت ایک بار پھر آشکار ہوگئی ہے۔ دھمکی دینے والے کہتے ہیں ’ہم ناتھو رام گوڈسے ہیں‘ دراصل وہ گوڈسے کی ہی سوچ کے وارث ہیں اور بی جے پی بھی اسی نظریے کے ساتھ چل رہی ہے۔
سپکال نے مزید کہا کہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے دوران ریاست میں ماحول خراب کرنے کے لیے کانگریس کے سینئر لیڈروں کے خلاف اس طرح کے بیانات دیئے جا رہے ہیں تاکہ سستی شہرت حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی ایسے لوگوں کو کیوں پناہ دیتی ہے؟ اگر بی جے پی انہیں پروان چڑھاتی رہے گی تو آج جو لوگ مخالفین پر حملہ آور ہیں کل کو وہی بی جے پی پر ہی پلٹ پڑیں گے۔ سپکال نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ایسی دھمکیاں دینے کے پیچھے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کی سرپرستی ہے، اس لیے ان دھمکی دینے والوں کے خلاف کوئی کارروائی ہونا ممکن نہیں ہے۔
MPCC Urdu News 21 August 25.docx