مانک راؤ کوکاٹے اور دھننجے منڈے کو فوری طور پر کابینہ سے برطرف کیا جائے: ہرش وردھن سپکال

ممبئی: بی جے پی کی قیادت والی حکومت بدعنوان وزراء کے ٹولے میں تبدیل ہو چکی ہے۔ سابق وزیر زراعت دھننجے منڈے نے کسانوں کے نام پر بدعنوانی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، اور اب مانک راؤ کوکاٹے کو جعلی دستاویزات تیار کر کے دھوکہ دہی کرنے پر ناسک ضلع عدالت نے دو سال کی سزا سنائی ہے۔ ان دونوں وزراء کو کابینہ سے فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ یہ مطالبہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کیا ہے۔

اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ دھننجے منڈے کے بطور وزیر زراعت کیے گئے گھوٹالوں کا ایک ایک کر کے پردہ فاش ہو رہا ہے۔ ان کے کرپشن نے مہاراشٹر کی ساکھ کو داغدار کر دیا ہے۔ اب مانک راؤ کوکاٹے کو جعلی دستاویزات کے ذریعے دھوکہ دہی کرنے پر عدالت نے دو سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ ناسک ضلع عدالت نے انہیں جعل سازی اور دھوکہ دہی کا مجرم قرار دیا ہے۔ ایسے میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو چاہیے کہ وہ فوراً انہیں کابینہ سے برطرف کریں۔ دھننجے منڈے کے استعفے کا بھی مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے، لیکن وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ دھننجے منڈے سے استعفیٰ لے سکیں۔

ریاستی کانگریس کے صدر نے کہا کہ بی جے پی حکومت بدعنوانی کے ذریعے عوام کے پیسے کی لوٹ مار میں ملوث ہے۔ ایک طرف ریاست کے کسان اپنی پیداوار کی مناسب قیمت نہ ملنے پر خودکشیاں کر رہے ہیں، اور دوسری طرف ریاستی وزراء کروڑوں روپے کے گھوٹالے کر رہے ہیں۔ یہ سب چھترپتی شیواجی مہاراج کے مہاراشٹر کو زیب نہیں دیتا۔ دھننجے منڈے اور مانک راؤ کوکاٹے یہ دونوں وزراء اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ہیں، اور ایسا لگتا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ان بدعنوان وزراء کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو اب ہمت دکھاتے ہوئے ان کرپٹ وزراء کو فوراً برطرف کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو ایک بے بنیاد کیس میں دو سال کی سزا ہوئی تھی، اور چوبیس گھنٹے کے اندر ان کی رکنیت ختم کر دی گئی تھی اور انہیں گھر سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ اسی تیزی کے ساتھ کوکاٹے کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading