MPCC Urdu News 19 Sep 22

10

ریاستی صدور وعہدیداران کے انتخاب کا اختیارکانگریس صدر کو

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدرکاعہدہ راہل گاندھی قبول کریں

ریاستی کانگریس کے نومنتخب نمائندوں کے اجلاس میں متفقہ رائے سے قرارداد منظور

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نو منتخب ریاستی نمائندوں کا اجلاس پیر کو ممبئی میں منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر دو قراردادیں منظورہوئیں۔ریاستی صدر نانا پٹولے نے ریاستی صدر، ریاستی عہدیداروں، ریاستی خزانچی و آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نمائندوں کے انتخاب کا حق کانگریس صدر سونیا گاندھی کودینے کی تجویز پیش کی۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر وسابق وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے اس کی حمایت کی اور تمام نمائندوں نے متفقہ طور پر اسے منظور کیا۔ اسی کے ساتھ سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے تجویز پیش کی کہ رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو کانگریس کے صدر کے عہدے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے، اس تجویز کی ریاستی کانگریس کے کارگزار صدور نسیم خان اور چندرکانت ہنڈورے نے حمایت کے اور اس تجویز کو بھی تمام نمائندوں نے متفقہ رائے سے منظور کرلیا۔ اس طرح نومنتخب نمائندوں کے اس اجلاس میں دو قراردادیں پیش کی گئیں اور دونوں ہی متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔

پارٹی کے ریاستی الیکشن آفیسر پلم راجو کی صدارت میں یشونت راؤ چوان ہال میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نو منتخب ریاستی نمائندوں کا یہ جلسہ منعقد ہوا۔ اس جلسے میں ریاستی کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل، ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سابق وزیراعلیٰ اشوک چوہان، سابق وزیر وجے ودیٹی وار، سنیل کیدار، مدھوکر چوہان، سابق مرکزی وزیر ولاس متیموار، سابق ریاستی صدر مانک راؤ ٹھاکرے، کانگریس کے شعبہ خواتین کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے، اے آئی سی سی کے سکریٹری اور جوائنٹ انچارج سونل پٹیل، سمپت کمار، ریاستی کارگزارصدر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے، بسوراج پاٹل، اے کنال پاٹل،اے پی آر او دنیش کمار، نریش راؤت، ایس سی شعبہ کے ریاستی صدر سدھارتھ ہتمبیر، سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ وشال متیموار، ریاستی جنرل سکریٹری پرمود مورے، دیوآنند پوار اور تمام ریاستی نمائندے موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت ریاستی نائب صدر موہن جوشی نے کی۔

اس موقع پر پارٹی کے ریاستی الیکشن آفیسر اور سابق مرکزی وزیر پلم راجو نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے تحت انتخابی عمل کے پروگرام کو سب کے تعاون سے اچھی طرح سے انجام دیا گیا ہے اور اس کا استعمال پارٹی اور تنظیم کو مضبوط کرنے کے لئے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے کنیا کماری سے انڈیا جوڑو پد یاترا شروع کی ہے، اس پدیاترا میں ہم تمام لوگوں کو شامل ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک چل رہی بھارت جوڑو یاترا 7 نومبر کو مہاراشٹر پہنچے گی۔ اس جلسے میں اس پدیاترا کے مہاراشٹر میں پہنچنے پر تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔