ناسک میں شوبھانگی پاٹل اور ناگپور میں سدھاکر آڈبالے کو ایم وی اے کی حمایت
ممبئی:مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی پانچ سیٹوں پر ہونے والے انتخابات مہا وکاس اگھاڑی متحد ہو کر لڑے گی۔ ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے یہ اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگھاڑی میں شامل جماعتوں نے ناسک گریجویٹ حلقہ سے شیو سینا کے امیدوار شوبھانگی پاٹل اور ناگپور اساتذہ حلقہ سے سدھاکر آڈابلے کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ سدھیر تانمبے کو ناسک گریجویٹ سیٹ پر پارٹی کے حکم کی خلاف ورزی کرنے پر پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے ستیہ جیت تانمبے کو بھی 6 سال کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں معطل بھی کردیا گیا ہے۔
جمعرات کو مہاوکاس اگھاڑی لیڈروں کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ قانون ساز کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں ہمارے اتحادیوں کے درمیان مکمل تال میل ہے۔ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کے لیڈروں نے آپس میں بات چیت کی ہے اور ناسک گریجویٹ سیٹ اور ناگپور ٹیچرس سیٹ کے انتخاب کے بارے میں فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس نے ڈاکٹر سدھیر تانمبے کو ناسک گریجویٹ حلقہ انتخاب کے لیے اپنا امیدوار بنایا تھا، لیکن انھوں نے پارٹی کو دھوکہ دیتے ہوئے اپناپرچہئ نامزدگی داخل نہیں کی۔ اس لیے بدلے ہوئے سیاسی حالات میں ایم وی اے نے ناسک میں شیوسینا کے امیدوار شوبھانگی پاٹل اور ناگپور میں کانگریس کے حمایت یافتہ امیدوار سدھاکر آڈابلے کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قانون سازکونسل کی ۵سیٹوں پر ہونے والے انتخابات میں ایم وی اے کی جانب سے ناگپور سے سدھاکر آڈابالے، امراؤتی سے دھیرج لیگاڈے، اورنگ آباد سے وکرم کالے، ناسک سے شوبھانگی پاٹل اور کوکن ڈویژن سے بلرام پاٹل امیدوار ہوں گے۔ نانا پٹولے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی میں شامل تمام پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کی محنت سے ہمارے تمام امیدوار کامیاب ہونگے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ چونکہ کانگریس پارٹی پرانی پنشن اسکیم کے نفاذ کی حمایت کر رہی ہے، اس لیے کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں راجستھان، چھتیس گڑھ اور ہماچل پردیش میں یہ اسکیم نافذ کردی گئی ہے، لیکن بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں اس اسکیم کو نافذ نہیں کی جارہی ہے۔ سرکاری ملازمین میں اس معاملے پربی جے پی کے خلاف شدید غصہ ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا مسئلہ بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ناسک میں امیدوار بھی نہیں مل سکا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ریاست کے عوام بی جے پی کو سخت سبق سکھائیں گے، جو دوسرے لوگوں کے گھروں کو تباہ کرتی ہے اور پشت میں چاقو گھونپتی ہے۔
اس پریس کانفرنس میں کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، شیوسینا کے لیڈر اور قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے، این سی پی لیڈر اور سابق وزیر جتیندر اوہاڈ، ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے اور سابق ایم ایل اے الہاس پوار موجود تھے۔