MPCC Urdu News 17 April 23
پی ایم مودی پلوامہ حملے پر اپنی پوزیشن واضح کریں ورنہ تحریک مزید تیز ہو گی: نانا پٹولے
ریاستی کانگریس کا ریاست بھر میں ’شرم کرو مودی، شرم کرو‘ تحریک
ریاستی صدر نانا پٹولے کی قیادت میں پونے میں احتجاجی مظاہرہ
ممبئی:پلوامہ حملے پر جموں و کشمیر کے اس وقت کے گورنر ستیہ پال ملک کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ اتنے اہم اور سنگین سوال پر ملک کے وزیر اعظم کا خاموش رہنا کسی طوردرست نہیں ہے، اس لیے کانگریس پارٹی نے ’شرم کرو مودی شرم کرو‘ تحریک کے ذریعے اس کا جواب طلب کیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے انتباہ دیا ہے کہ نریندر مودی پلوامہ معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کریں بصورت دیگر احتجاج مزید تیز کیا جائے گا۔
پلوامہ حملے کے معاملے میں ستیہ پال ملک کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات پر وزیر اعظم نریندر مودی سے وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس کے ذریعے پیر کو ریاست گیر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پونے میں کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کی قیادت میں یہ احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پٹولے نے کہا کہ پلوامہ دھماکے میں سی آر پی ایف کے 40 اہلکار شہید ہوئے تھے، لیکن اس معاملے کی تحقیقات ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ہے۔ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اس دھماکے میں 300 کلو آر ڈی ایکس استعمال کیا گیا؟ آخر اتنی بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد کہاں سے آیا؟ اس سوال کا جواب ابھی تک نہیں مل سکا۔ وزیر اعظم مودی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں اس حملے کا فائدہ اٹھایا۔ یہ الزام اس وقت کے گورنر ستیہ پال ملک نے لگایا ہے۔ ملک کے مطابق یہ حملہ حکومت کی غلطی کی وجہ سے ہوا لیکن انہیں اس معاملے پر خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی۔ نریندر مودی کو ان تمام سوالوں کا جواب دینا چاہیے لیکن اقتدار کی بھوکی بی جے پی حکومت جواب دینے سے بچ رہی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی عوام کے ذہنوں میں کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے 40 فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جانی چاہیے، اس لیے کانگریس پارٹی سڑکوں پر اترکر بی جے پی اور مودی سے ان سوالوں کے جواب مانگ رہی ہے۔
پٹولے نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس بات کا بھی حساب دینا ہوگا کہ انہوں نے عام لوگوں کے پسینے کی کمائی کو صنعت کار اڈانی کی کمپنی میں کیوں لگانے دیا۔ آخر اڈانی کی کمپنی میں 20 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کہاں سے آئی؟ مودی اور اڈانی کا کیا رشتہ ہے؟ کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ کانگریس پارٹی اس لڑائی کو اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک ہمیں ان تمام سوالات کے جوابات نہیں مل جاتے۔’شرم کرو مودی شرم کرو‘ نامی یہ تحریک پونے، ناگپور، امراؤتی، چھترپتی سنبھاجی نگر، لاتور، دھولیہ سمیت ریاست کے تمام اضلاع میں چلائی گئی۔