MPCC Urdu News 16 September 2025

اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی کانگریس نوجوانوں کو روزگار دلا رہی ہے

ہر ضلع میں روزگار میلے منعقد ہوں گے: ہرش وردھن سپکال

کانگریس کے روزگار میلے کو شاندار پذیرائی، سیکڑوں نوجوانوں کا انتخاب

آر ایس ایس کے نظریے کے مطابق کیا نریندر مودی 75 برس کے بعد ’وانپرسٹھ آشرم‘ میں جانے کا راج دھرم نبھائیں گے؟

ممبئی: ملک میں بیروزگاری کا مسئلہ سب سے بڑا ہے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھی نوجوانوں کو ملازمت نہیں مل رہی، یہ خوفناک منظر سامنے ہے۔ اقتدار میں رہتے ہوئے بی جے پی نے روزگار دینے کا وعدہ کر کے نوجوانوں کو دھوکہ دیا، لیکن کانگریس پارٹی نے آج اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی نوجوانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہتے ہوئے سیکڑوں نوجوانوں کو روزگار اور نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ آگے چل کر ایسے روزگار میلے ریاست کے ہر ضلع میں منعقد کیے جائیں گے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہی ہیں۔

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے روزگار شعبے کے تحت تلک بھون میں منعقدہ روزگار میلے کا افتتاح کانگریس کے ریاستی صدر نے کیا۔ اس موقع پر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار، ایم ایل اے بھائی جگتاپ، سابق رکن پارلیمنٹ کمار کیتکر، ریاستی نائب صدر تنظیم و انتظام ایڈووکیٹ گنیش پاٹل، ریاستی نائب صدر موہن جوشی، سابق ایم ایل اے اور اقلیتی شعبے کے صدر وجاہت مرزا، بھوشن پاٹل، جنرل سکریٹری و روزگار۔خود روزگار شعبے کے سربراہ اور روزگار میلے کے کوآرڈینیٹر دھننجے شندے وغیرہ موجود تھے۔ آئی ٹی، بینکنگ، انشورنس وغیرہ مختلف شعبوں کی 75 کمپنیوں نے میلے میں حصہ لیا اور سیکڑوں نوجوانوں کا انتخاب کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ ریاست میں 2.5 لاکھ سرکاری عہدے خالی ہیں، مرکز میں 2.5 کروڑ سے زائد عہدے خالی ہیں، لیکن بی جے پی حکومت انہیں پُر نہیں کر رہی۔ ہر سال 2 کروڑ روزگار دینے، میگا بھرتی کرنے جیسے اعلانات محض جملے ثابت ہوئے ہیں۔ بی جے پی حکومت نوجوانوں کو روزگار نہ دے کر استحصال پر مبنی سماج تیار کر رہی ہے۔ بی جے پی کے دور میں امیر اور غریب کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔ جیسے کوئی قوم پرست رہنما یا سنت ہوتے ہیں ویسے ہی بی جے پی کے دور میں دو ’قومی سیٹھ‘ ہیں اور ان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا جا رہا ہے۔

اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار نے کہا کہ بیروزگاری کی شرح 8 فیصد سے زائد ہے اور 40 سے 45 سال کی عمر ہونے کے بعد بھی ملازمت نہیں مل رہی۔ مہاراشٹر کے روزگار دوسرے ریاستوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔ پونے کی آئی ٹی کمپنیاں بھی دوسری ریاستوں میں چلی گئیں۔ بی جے پی کے دورِ حکومت میں ریاست کی کئی صنعتیں اور سرمایہ کاری بھی دوسری ریاستوں میں منتقل ہو گئی۔ ذات اور مذہب کے نام پر تنازعات کھڑے کر کے حالات کو غیر مستحکم کرنے سے ریاست میں روزگار کیسے پیدا ہوں گے؟

ایم ایل اے بھائی جگتاپ نے کہا کہ کانگریس نے آج کر کے دکھایا ہے، لیکن جن لوگوں نے روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا انہوں نے اسے پورا نہیں کیا۔ نوجوانوں، خواتین اور طلبہ کی تنظیم بنانے کا کام سب سے پہلے کانگریس پارٹی نے ہی کیا ہے۔ آج کانگریس پارٹی نے انتہائی قابلِ تعریف پہل کی ہے اور ایسے روزگار میلے مزید منعقد کیے جانے چاہئیں، ایسا بھی انہوں نے کہا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کو 75ویں سالگرہ پر کس طرح مبارکباد دیں گے؟ اس سوال کے جواب میں کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ 75 برس کی عمر کے بعد ’وانپرسٹھ آشرم‘ میں جانا چاہیے، ایسا آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا تھا۔ اب نریندر مودی اس راج دھرم کا پالن کریں گے کیا؟ جس طرح لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی کو 75 برس کی عمر کا حوالہ دے کر مارگ درشک منڈل میں بھیجا گیا، کیا ویسے ہی مودی بھی مارگ درشک منڈل میں شامل ہونے کا راستہ اپنائیں گے؟

MPCC Urdu News 16 Sep 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading