ایکناتھ شندے کو ’رپورٹ کارڈ‘ کے بجائے ’ریٹ کارڈ‘ پر بات کرنی چاہیے: نانا پٹولے
مہایوتی حکومت نے صرف ’پسندیدہ صنعتکاروں‘ اور ’پسندیدہ ٹھیکیداروں‘ کو فائدہ پہنچایا
ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے بی جے پی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی ترقی کے دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکناتھ شندے کی قیادت میں بننے والی حکومت نے گزشتہ دو سالوں میں ریاست کو ترقی کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے غیر آئینی طریقے سے اقتدار حاصل کر کے مہاراشٹر کے وسائل کو لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
نانا پٹولے نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ حکومت نے مرکزی قیادت کے اشارے پر ریاست کے بڑے صنعتی منصوبے گجرات منتقل کر دیے، جس سے یہاں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فڈنویس اور شندے کی حکومت نے صنعتوں کو تو گجرات جانے دیا، مگر گجرات کی منشیات کو مہاراشٹر میں لاکر نوجوانوں کی زندگیوں کو تباہ کرنے کا جرم کیا ہے۔
پٹولے نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے صرف چند صنعتکاروں اور ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے سرکاری منصوبے جاری کیے ہیں، جبکہ عام عوام، کسان اور نوجوان شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکناتھ شندے کو ’رپورٹ کارڈ‘ کے بجائے ’ریٹ کارڈ‘ پر بات کرنی چاہیے، کیونکہ ان کی حکومت کی کارکردگی صرف ’غداری‘ اور ’بدعنوانی‘ تک محدود ہے۔
کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت نے پچھلے دو سالوں میں ذات پات کے درمیان تنازعات کو ہوا دی، جس سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہوئی۔ خواتین، طالبات اور عام شہری غیر محفوظ ہیں، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح میں بے حد اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری ملازمتوں کے امتحانات میں دھاندلی ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے عوام کبھی بھی اس ’بدعنوان اتحاد‘ کو دوبارہ اقتدار میں نہیں آنے دیں گے۔