شیلٹر ہوم کی متبادل سہولت فراہم ہونے تک آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی نہ کی جائے
ممبئی یوتھ کانگریس اور جانوروں سے محبت کرنے والی تنظیموں کا شیواجی پارک میں احتجاج
ممبئی: عدالت کے حکم کے بعد ممبئی میں آوارہ کتوں کے خلاف نہایت عجلت میں اور غیر منصفانہ کارروائی کی جا رہی ہے، جس کے خلاف آج شیواجی پارک کے اطراف ممبئی یوتھ کانگریس اور جانوروں سے محبت کرنے والی مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین کی قیادت میں کانگریس عہدیداران اور جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں نے آوارہ کتوں کے خلاف جاری کارروائی کو شدید الفاظ میں رد کرتے ہوئے کہا کہ بے زبان جانور اپنے لیے آواز نہیں اٹھا سکتے، ان پر ظلم و ستم روا رکھنا قطعاً درست نہیں۔ زینت شبیرین نے کہا کہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناتے انسانیت، ہمدردی اور انصاف کے اصولوں کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آوارہ کتوں کو ہٹانے کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دے کر ممبئی میں کارروائی شروع کی گئی ہے، لیکن عدالت کا حکم اپنی نوعیت کے اعتبار سے وسیع ہے اور اس پر مؤثر عمل درآمد کے لیے بہتر انتظامی ڈھانچہ، شیلٹر ہوم، طبی سہولیات اور اے بی سی (Animal Birth Control) مراکز کا قیام ناگزیر ہے۔ مگر متبادل انتظامات کیے بغیر کی جانے والی کارروائی غیر انسانی، غیر عملی اور ناانصافی پر مبنی ہے۔
زینت شبرین نے مزید کہا کہ راہل گاندھی نے جب سے ووٹ چوری کا مسئلہ اٹھایا ہے، اس کے بعد اس قسم کے اقدامات کے ذریعے اصل عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جیسے دادَر میں کبوتر خانوں کے معاملے میں حکومت نے متبادل انتظامات کیے تھے، ویسے ہی آوارہ کتوں کے لیے بھی مناسب اور محفوظ انتظامات فوراً کیے جانے چاہئیں۔ یہ جانور بھی اس شہر کا حصہ ہیں اور انہیں بھی جینے کا حق حاصل ہے۔ ممبئی یوتھ کانگریس جانوروں کے حقوق کے علمبرداروں، سماجی تنظیموں اور حساس ممبئی والوں کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑی ہے۔